شاہنواز دھانی قومی کرکٹ ٹیم میں ڈیبیو کے لیے پر امید

نوجوان کرکٹر نے بتایا کہ ان کا نام قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 میں ملتان سلطانز کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے فاسٹ بالر شاہنواز دھانی کا آبائی علاقے پہنچنے پر والہانہ انداز میں استقبال کیا گیا۔ نوجوان کرکٹر نے بتایا کہ ان کا نام قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہے۔

شاہنواز دھانی ایک بڑے جلوس کی شکل میں لاڑکانہ سے ایک میل دور اپنے آبائی گاؤں کھاوڑ خان پہنچے تو دوست احباب، عزیز واقارب اور علاقہ مکینوں نے ان کا زبردست طریقے سے استقبال کیا۔ شاہنواز دھانی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ آبائی علاقے پہنچنے پر ان کا جس انداز سے استقبال کیا گیا وہ اس پر بےحد خوش ہیں۔ فاسٹ بالر نے کہا کہ ان کی کامیابی والدین اور پورے سندھ کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ شاہنواز دھانی نے ان تمام لوگوں کو سلام پیش کیا جو رات کے پہر ان کے استقبال کے لیے سڑکوں پر جمع ہوئے اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل 6 میں جیت پر شاہنواز دھانی کے چرچے

شاہنواز دھانی نے بتایا کہ ان کا نام قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ اسکواڈ میں ہے اور وہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں ڈیبیو کرنے کے لیے پر امید ہیں۔ نوجوان کرکٹر نے کہا کہ وہ مستقبل میں اپنے والدین اور علاقے کے تمام لوگوں کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ 22 سالہ شاہنواز دھانی نے پی ایس ایل 6 میں ملتان سلطانز کی جانب سے 11 میچز میں 24 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ٹورنامنٹ کے بہترین بالر اور بہترین ایمرجنگ پلیئر بھی قرار پائے۔

متعلقہ تحاریر