پاکستان پہلی مرتبہ ای اسپورٹس میں داخل

فواد چوہدری نے بتایا کہ قومی سطح پر پہلی مرتبہ ای اسپورٹس کا ایونٹ منعقد ہونے جارہا ہے۔

ای اسپورٹس کے شوقین افراد کے لیے خوشخبری آگئی ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ پاکستان پہلی مرتبہ ای اسپورٹس میں داخل ہورہا ہے۔

فواد چوہدری نے ویڈیو پیغام میں ای گیمنگ کی لانچنگ اور مقابلوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قومی سطح پر پہلی مرتبہ ای اسپورٹس کا ایونٹ منعقد ہونے جارہا ہے جس پر انہیں بے حد خوشی ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے567 ٹیمز حصہ لیں گی۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ معروف کمپنی گیرینا پاکستان میں بیگو کے تعاون سے فری فائر قومی ٹورنامنٹ منعقد کررہی ہے۔ وفاقی وزیر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمارے بچے بھی ای اسپورٹس میں حصہ لے سکیں گے، جیتنے والی ٹیمز عالمی سطح پر ہونے والے مقابلے میں جاسکتی ہیں جس میں دو ملین ڈالر کے انعامات ہیں۔ فواد چوہدری کے مطابق اب بچے 12 سال کی عمر میں کروڑ پتی بن سکتے ہیں کیونکہ اس گیم میں ایک کروڑ روپے کے انعامات ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

ای اسپورٹس پاکستان کے باقاعدہ کھیلوں میں شامل

فواد چوہدری نے بتایا کہ ہماری حکومت نے ای اسپورٹس کی طرف ایک اہم قدم اٹھایا ہے کیونکہ ویڈیو گیمز کی مجموعی مارکیٹ اب دو سو ارب ڈالر کی حد کو عبور کر چکی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ای گیمنگ مقابلوں کو سراہا جارہا ہے۔

ایک طرف لوگ وزارت کے اس اقدام سے خوش ہیں تو دوسری جانب چند ٹوئٹر صارفین نے ای گیمنگ کے فروغ پر تنقید بھی کی ہے۔

واضح رہے پچھلے سال نومبر میں فواد چوہدری کی جانب سے ویڈیو گیم پروگرامنگ کا ایک خصوصی پروگرام لانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

متعلقہ تحاریر