کرسٹیانو رونالڈو کی 12 سالوں کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ میں واپسی

مایہ ناز فٹبالر نے اطالوی کلب یووینٹس کو چھوڑ کر مانچسٹر یونائیٹڈ سے معاہدہ کرلیا ہے۔

فٹبال کی دنیا کے مایہ ناز کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے ایک مرتبہ پھر انگلش فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ سے معاہدہ کرلیا ہے۔ پرتگال کے اسٹار فٹبالر کی اپنی پرانی ٹیم میں واپسی پر ان کے مداح خوشی منا رہے ہیں۔
انگلش پریمیئر لیگ کے کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی 12 سالوں کے بعد اپنے گھر واپسی ہوگئی ہے اور انہوں نے اطالوی کلب یووینٹس کو چھوڑ کر مانچسٹر یونائیٹڈ سے معاہدہ کرلیا ہے۔ کلب نے اپنی ٹوئٹ میں انہیں گھر واپسی پر خوش آمدید کہا ہے۔

غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو اور مانچسٹر یونائیٹڈ میں معاہدہ 24 گھنٹوں کے اندر طے پایا ہے۔ اس کے قبل کرسٹیانو رونالڈو کی مانچسٹر سٹی کے ساتھ معاہدے کی باتیں گردش کررہی تھیں۔
کرسٹیانو رونالڈو کی مانچسٹر یونائیٹڈ میں واپسی پر ان کے مداح خوشی سے نڈھال ہوگئے ہیں جبکہ کرسٹیانو رونالڈو ٹوئٹر پر بھی ٹرینڈ کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ دن قبل دنیا کے مشہور فٹبال کھلاڑی لیونل میسی نے اپنے گھر بارسلونا کو چھوڑ کر فرانس کے کلب پی ایس جی سے معاہدہ کرلیا تھا جس پر ان کے مداحوں نے افسوس کا اظہار کیا تھا۔ سوشل میڈیا صارفین کرسٹیانو رونالڈو کے بعد امید ظاہر کررہے ہیں کہ لیونل میسی بھی ایک دن بارسلونا میں واپس چلے جائیں گے۔
پرتگال کے مشہور پلیئر کرسٹیانو رونالڈو 2003 سے 2009 تک مانچسٹر یونائیٹڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں جس کے بعد انہوں نے ریال میڈرڈ سے معاہدہ کیا تھا۔ بعدازاں اسٹار فٹبالر نے 2018 میں اٹلی کے کلب یووینٹس سے معاہدہ کیا تھا۔
مانچسٹر یونائیٹڈ میں 6 سالوں کے دوران کرسٹیانو رونالڈو نے 292 میچز کھیلے جس میں انہوں نے 112 گول کرکے کلب کے لیجنڈ قرار پائے تھے۔ رونالڈو اب تک اپنے کیریئر میں 30 ٹائٹل جیت چکے ہیں۔

متعلقہ تحاریر