یوئیفا چیمپیئنز لیگ، رونالڈو اور میسی کی کارکردگی مایوس کن

کرسٹیانو رونالڈو کا واحد گول ٹیم کو فتح نہ دلا سکا، چیلسی اور یووینٹس کی ٹیمز نے مقابلے جیت لیے ہیں۔

یوئیفا چیمپنیئز لیگ میں مانچسٹر یونائیٹڈ اور بارسلونا کی ٹیمز کو اپنے میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ چیلسی اور یووینٹس کی ٹیمز نے اپنے مقابلے جیت لیے۔

اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے یوئیفا چیمپنیئز لیگ کے میچ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے گول تو کیا لیکن اس کے باوجود ان کی ٹیم فتح یاب نہ ہوسکی، ینگ بوائز نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔

 میچ کے پہلے ہاف میں رونالڈو نے 13ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی لیکن ینگ بوائز کی طرف سے ماؤمی گمیلیو نے 66 ویں منٹ میں گول کرکے اسکور برابر کردیا۔

تھیوسن نے آخری لمحات میں گول کرکے ینگ بوائز کلب کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیے

افغانستان کی خواتین فٹبال ٹیم خاندانوں کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئی

ایک دوسرے میچ میں بائرن میونخ نے بارسلونا کو تین صفر سے چاروں شانے چت  کردیا، جرمن سائیڈ کی جانب سے لیوانڈوسکی نے دو جبکہ تھامس مولر نے ایک گول کیا۔

یووینٹس نے مالمو کے خلاف تین صفر سے کامیابی حاصل کی، یووینٹس سے سینڈرو، ڈیبالا اور موراٹا نے گول کیے، چیلسی نے زینٹ کو ایک صفر سے مات دے دی۔

یاد رہے کہ دونوں اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو اور لائنل میسی اس مرتبہ یوئیفا چیمپیئنز لیگ میں اپنی روایتی ٹیمز ریال میڈرڈ اور بارسلونا کے بجائے نئے فٹ بال کلبز کی نمائندگی کررہے ہیں۔

 رونالڈو مانچسٹر یونائیٹڈ کی طرف سے کھیل رہے ہیں جبکہ میسی پی ایس جی میں شامل ہیں۔ پی ایس جی بھی ٹورنامنٹ میں اپنا میچ ہار چکی ہے۔

متعلقہ تحاریر