روس کی فیفا ورلڈکپ کے بعد فارمولا ون سے بھی چھٹی
فارمولا ون نے یوکرین پر مسلسل حملوں کے باعث روسی گراں پری کے ساتھ اپنا معاہدہ ختم کرنے کی تصدیق کردی

یوکرین پر جارحیت کے سبب روس کی فیفا ورلڈکپ کے بعد فارمولا ون سے بھی چھٹی ہوگئی۔ فارمولا ون نے یوکرین پر مسلسل حملوں کے باعث روسی گراں پری کے ساتھ اپنا معاہدہ ختم کرنے کی تصدیق کردی۔
سوچی میں ستمبر2022 میں طے شدہ ریس پہلے ہی منسوخ کر دی گئی تھی لیکن فارمولا ون نے اب تصدیق کردی ہے کہ 2023 میں بھی کوئی ریس نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے۔
روس کی فٹبال ٹیم ورلڈکپ سے باہر، فیفا نے پابندی لگادی
پاکستان کرکٹ کیخلاف ایک اور بھارتی سازش بے نقاب
برطانوی میڈیا کے مطابق روسی گراں پری اگلے سال سینٹ پیٹرزبرگ میں منتقل ہونے والی تھی، ولادیمیر پیوٹن اس ریس سے قلبی تعلق رکھتے ہیں اورانہوں نے ہی 2014 میں پہلی بار اس کھیل کو روس میں لانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا ۔
جمعرات کو فارمولا ون نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ اس نے روسی گراں پری پروموٹر کے ساتھ اپنا معاہدہ ختم کر دیا ہے، اب مستقبل میں روس میں کوئی ریس نہیں ہوگی۔
فارمولا ون کی گورننگ باڈی ایف آئی اے نے فیصلہ دیا ہے کہ رواں سیزن میں روسی ڈرائیورز کسی غیر جانبدار پرچم کے سائے میں ایف آئی اے کے امن اور سیاسی غیر جانبداری کے اصولوں کی پابندی کے تابع رہتے ہوئے شرکت کرسکتے ہیں۔
نکیتا مازپین فی الحال فارمولا ون گرڈ میں واحد روسی ڈرائیور ہیں اور ج ن کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ انہیں ان کی ٹیم ہاس سے سبکدوش کردیا جائےگا۔
مازپین کے والد دمتری ، بیلاروسی اور روسی نژاد ہیں جن کی تصویر حال ہی میں جنوری میں پیوٹن کے ساتھ بنائی گئی تھی۔ وہ کیمیکل مینوفیکچرنگ کمپنی Uralchem میں اکثریتی تر شیئر ہولڈر ہیں، جوہاس کے بڑے اسپانسرز میں سے ایک ہیں۔ہاس نے یوکرین پر روسی حملے کے بعد بارسلونا میں پری سیزن ٹیسٹنگ کے دوران اپنی کاروں سے روسی تھیم والے رنگ اور Ulrachem کی اسپانسرشپ کو ہٹادیا ہے۔









