لاہور ٹیسٹ: پاکستان کو 115رنز سے شکست،آسٹریلیا نے تاریخی سیریز اپنے نام کرلی

آسٹریلوی اسپنر نیتھن لائن کے 5شکار، کپتان پیٹ کمنز کی 3وکٹیں، نصف سنچریاں بنانے والے امام الحق اور بابر اعظم کے علاوہ کوئی کھلاڑی وکٹ پر نہ ٹک سکا

آسٹریلیا نے پاکستان کو لاہور ٹیسٹ میں 115 رنز سے شکست دے کر 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں  ایک صفر سے  کامیابی حاصل کرلی۔

آسٹریلوی اسپنر نیتھن لائن نے  پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان پیٹ کمنز نے تین جبکہ مچل اسٹارک اور کیمرون گرین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ مہمان ٹیم تیسری مرتبہ پاکستان میں ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پاک آسٹریلیا ٹیسٹ میچ کا تیسرا روز یوم پاکستان کے نام

بابر اعظم کراچی ٹیسٹ نہ جتوا سکے شائقین کے دل جیت لیے

پانچویں روز کے کھیل کے آغاز سے قبل قذافی اسٹیڈیم میں 1992 کے ورلڈ کپ کی ٹرافی بھی رکھی گئی، جس کے ساتھ پاکستانی کھلاڑیوں نے تصاویر بھی بنائی۔ 25 مارچ 1992 کو پاکستان عمران خان کی قیادت میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ چیمپیئن بنا تھا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈم  میں کھیلے جانے والے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن  کھیل کا آغاز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے کیا۔ اوپنر عبداللہ شفیق 27 رنز بنا کر کیمرون گرین کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔

عبداللہ شفیق کے بعد آنے والے جگہ اظہر علی  اسکور میں خاطر خواہ اضافہ نہیں کرسکے اور 105 رنز کے مجموعی اسکور پر 17 رنز بناکر اسمتھ کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔

امام الحق نے بابر اعظم کے ساتھ اننگز کو سہارا دیتے ہوئے اسکو ر کو 142تک پہنچایا لیکن 70 رنز بناکر وہ بھی وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھے۔

فواد عالم 11 رنز اور محمد رضوان صفر پر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

محمد رضوان   نے   بابر اعظم کے مشورے پر ری ویو نہیں لیا اور پویلین لوٹ گئے بعد ازاں ایکشن ری پلے میں انکشاف ہوا کہ رضوان کے پیڈ پر لگنے والے بال گیند وکٹ پر لائن سے باہر گری تھی اگر رضوان ری ویو لے لیتے تو یقینی طور پر ناٹ آؤٹ قرار پاتے۔

رضوان کی وکٹ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی جس کے بعد وکٹیں گرنے کی لائن لگ گئی۔ پاکستان  کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان بابراعظم تھے، جو 54 رنز بنا کر نیتھن لائن کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ تھما بیٹھے۔

جبکہ ساتویں کھلاڑی ساجد خان کو مچل اسٹارک نے آؤٹ کیا جبکہ حسن علی 13 رنز بنا کر نیتھن لائن کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جبکہ اسکے بعد شاہین شاہ آفریدی 5 رنز اور نسیم شاہ ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز ایک صفر سے اپنے نام کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی اور کراچی میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا اور دوسرا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا تھا۔دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز 29 مارچ سے ہوگا جس کی میزبانی لاہور کرے گا۔

متعلقہ تحاریر