1999کے ورلڈکپ میں وقار یونس سے اختلافات تھے،وسیم اکرم
23،24 سال کی عمر میں جب ہم بچے تھے تو ہمارے درمیان صحت مند مقابلے بازی رہتی تھی لیکن ہم ایک دوسرے کیلیے برا نہیں سوچتے تھے، سوئنگ کے سلطان کا انٹرویو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولرز سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم اور وقار یونس کی جوڑی نے ایک عرصے تک دنیائے کرکٹ پر راج کیا ہے۔ ٹو ڈبلیوز کے نام سے مشہور اس جوڑی نے 90 کی دہائی میں بلے بازوں پر اپنی دھاک بٹھارکھی تھی۔
بڑے بڑے کھلاڑی وسیم اور وقار کی جوڑی کا سامنا کرنے سے ہچکچاتے تھے لیکن ان دونوں کھلاڑیوں کےباہمی اختلافات بھی اکثر میڈیا کی خبروں کی زینت بنتے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
احمد شہزاد نے وقار یونس کو اپنا کیریئر تباہ کرنیکا ذمے دار قرار دیدیا
شعیب ملک پاکستان کے سب سے بڑےریئلٹی شو میں شریک
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے یوٹیوب چینل ناشپاتی پرائم کے معروف پروگرام ٹو بی آنسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے اور وقار یونس کے تعلقات پر کھل کر گفتگو کی ہے۔
وقار یونس کے ساتھ مقابلے اور 1999کے ورلڈ کپ میں وقار یونس کوصرف بنگلہ دیش کے خلاف موقع دینے کے سوال پروسیم اکرم نے اعترف کیا کہ 1999 کے ورلڈکپ میں ہمارے اختلافات تھے ،23،24 سال کی عمر میں جب ہم بچے تھے تو ہمارے درمیان صحت مند مقابلے بازی رہتی تھی لیکن ہم ایک دوسرے کیلیے برا نہیں سوچتے تھے۔
وسیم اکرم نے مزید کہا کہ ہم نے کبھی یہ نہیں سوچا کہ دوسرا آؤٹ نہ کرے بلکہ ہم یہ سوچتے تھے کہ اس نے 5 آؤٹ کیے ہیں تو میں بھی 5 کروں اور نیوزی لینڈ میں ایسا کیا بھی، وہ صحت مند مقابلے بازی تھی لیکن ہمارے مزاج اوپر نیچے ہوتے رہتے تھے۔
وسیم اکرم نے اس وقت پاکستانی ٹیم کے ارکان کو بھی اپنے اور وقار یونس کے کشیدہ تعلقات کا ذمے دار قرار دیدیا۔بولے ، ٹیم کے ارکان کبھی ایک کو اور کبھی دوسرے کواکساتے تھے تاہم وسیم اکرم نے اکسانے والے کھلاڑیوں کے نام بتانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام اب بوڑھے ہوگئے ہیں۔









