ایشیاء کپ کے حصول کی جنگ، دبئی میں شاہین اور لنکن ٹائیگرز آج مدمقابل
پاکستان اور سری لنکا آج ایشیا کپ کے حصول کیلئے بھرپور تیاری کرکے عرب کے میدان میں اترے گی ،لنکن ٹائیگرز سپر فور مرحلے میں شاہینوں کو شکست دیکر ان پر اپنا دباؤ ڈال چکی ہے جبکہ بابر اعظم کے آؤٹ فارم ہونے کی وجہ سے قومی ٹیم کو نقصان برداشت کرنا پڑسکتا ہے ، آئی لینڈرز5 مرتبہ ایشین ٹرافی اپنے نام کر چکے ہیں جبکہ پاکستان صرف 2 بار ایشیا کپ وطن لانے میں کامیاب رہا ہے

متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیاء کپ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان فائنل آج دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ایشیاء کپ کے حصول کی جنگ پاکستان وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگی ۔
دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آج پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں ایشیاء کپ کے حصول کیلئے مدمقابل ہونگی۔ دونوں ٹیموں نے فائنل میچ کے لئے بھرپور تیاری کی ہیں۔ دونوں ٹیمز کے درمیان میچ انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار ہوگا ۔
یہ بھی پڑھیے
ایشیا کپ سپرفور مرحلہ: سری لنکن ٹائیگرز نے پاکستانی شاہینوں کے پَر کُتر دیئے
بد ترین معاشی بحران کا سامنا کرنے والےملک سری لنکا کی ٹیم نے ملکی حالات کو پشت پش ڈال کرایشیاء کپ کے لیے امارات کے میدانوں میں اپنی دھوم مچائی ہوئی ہے۔ گزشتہ روز لنکن ٹائیگرز پاکستانی شاہینوں کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے ۔
گرین کیپس کو سپر فورمرحلے میں شکست دینے والے لنکن ٹائیگرز نے اپنی نظریں ٹرافی پر جمائی ہوئی ہیں تاہم دوسری جانب شاہینوں نے بھی بھرپور تیاری کر رکھی ہے اورجیت کے لیے پر عزم ہیں ۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ہے فائنل میں حریف کو آسان نہیں لیں گے جبکہ داسن شاناکا کی قیادت میں آئی لینڈرز بھی فتح اپنے نام کرنے کے لیے پر امید ہیں۔
کرکٹ کے تجزیہ نگاروں نے پاکستان فائنل میں فیورٹ قرار دیا ہے تاہم لنکن ٹائیگرز پہلے میچ میں افغانستان سے ہار کے بعد مسلسل جیت کی جانب گامزن ہے، انہوں نے بنگلہ دیش ،انڈیا اور پاکستان کو ابتدائی مرحلے میں شکست سے دو چار کیا ۔
سپر فور مرحلے میں شاہینوں کو شکست دینے والی آئی لینڈرز کے دو اہم کھلاڑی اسکواڈ میں شامل نہیں تھے تاہم آج وینندو ہسرنگا اور مہیش تھیکشنا پاکستان کو ٹف ٹائم دے سکتے ہیں۔
لنکن ٹائیگرز کے کپتان شاناکا نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم جیت کے لیے پر عزم ہے لیکن پھر بھی پاکستان کو ہلکا نہیں لیں گے ،گرین کیپس کھیل میں واپسی کے لیے بھرپور محنت کر رہی ہے ۔
ایشیاء کپ کے فائنل میں پاکستان ٹیم کو فاسٹ بالر نسیم شاہ اور آل راؤنڈر شاداب خان کی واپسی کی صورت میں مخالف ٹیم پر دباؤ بڑھانے میں مدد ملے گی اور ٹیم کا بالنگ اٹیک مضبوط ہوگا ۔
یہ بھی پڑھیے
میتھیو ہیڈن ٹی 20 ورلڈکپ کیلیے قومی کرکٹ ٹیم کے مینٹور مقرر
کرکٹ کے تجزیہ نگاروں کے مطابق جیت کے لیے پاکستانی کپتان بابر اعظم کو دوبارہ فارم میں آنا ضروری ہوگیا ہے ، ان کا آؤٹ فارم ہونا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے ۔
واضح رہے کہ سری لنکا کو ایشیاء کپ کے سب سے زیادہ میچز میں شریک ہونے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ رواں سال وہ پانچویں مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں پہنچی ہے ۔
سری لنکا کی ٹیم پانچ مرتبہ ایشیا کپ کا ٹائٹل جیت چکی ہے جبکہ پاکستان کی ٹیم صرف 2 مرتبہ ایشیاء کپ کے فائنل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی ہے ۔









