ٹی 20 ورلڈ کپ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان تنقید کی زد میں آگیا

چیف سلیکٹر محمد وسیم نے مینز ورلڈ کپ ٹی 20 اور انگلینڈ کیخلاف 7 ٹی 20 میچز کی سیریز کیلئے قومی ٹیم  کا اعلان کیا تو محمد عامر نے انہیں طنز کا نشانہ بناتے ہوئے "چیف سلیکٹر کی چیپ سلیکشن" قراردیا، ٹی 20 اسکواڈ کی قیادت بابراعظم جبکہ شاداب نائب کپتانی کے فرائض انجام دیں گے، فخر زمان اور شاہین آفریدی انجری کے باعث انگلش ٹیم کے مد مقابل نہیں آپائیں گے تاہم ورلڈ کپ میں اپنے جلوے دکھانے کے لیے میسر ہونگے

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے مینز ورلڈ کپ ٹی 20 اور رواں ماہ انگلینڈ کیخلاف 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کیلئے قومی ٹیم کے  اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ قومی ٹیم فاسٹ بالر محمد عامر نے  ٹیم اسکواڈ پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ اور انگلش ٹیم کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

انگلش کرکٹ ٹیم کا 17 سال بعد تاریخی دورہ پاکستان پر پرتپاک استقبال

چیئرمین سلیکشن کمیٹی کے مطابق 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ کی قیادت  بابراعظم کو سونپی گئی ہے جبکہ شاداب خان نائب کپتان ہونگے۔ ٹیم میں آصف علی، حیدر علی، حارث رؤف اور افتخاراحمد شامل ہیں۔

خوشدل شاہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد حسنین، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور عثمان قادر  کو بھی ٹی 20 اسکواڈ کا حصہ بنایا گیاہے  جبکہ فخر زمان، محمد حارث (وکٹ کیپر) اور شاہنوازدھانی ریزرو  پلیئر رکھا گیا ہے ۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم نے  بتایا کہ فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی کے علاوہ  ورلڈ کپ اسکواڈ کے تمام کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف  سیریز کا حصہ  ہونگے ۔فخر زمان گھٹنے میں تکلیف کے باعث انگلینڈ کے خلاف سیریز  میں شامل نہیں ہونگے ۔

سلیکشن   کمیٹی نے فخرزمان اور شاہین شاہ آفریدی کی عدم دستیابی کے باعث آل راؤنڈر عامر جمال اور اسپنر ابراراحمد کو انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔

چیف سلیکٹر کے مطابق پاک،انگلینڈ  ٹی20 سیریز کا آغاز20 ستمبر سے کراچی میں ہوگا جہاں ابتدائی 4 میچز کھیلے جائیں گئے جبکہ بقایا 3 میچز کی میزبانی لاہور کرے گا ۔

محمد وسیم  نے ٹی20 ورلڈ کپ کے میچز کے حوالے سے کہا کہ پاکستان اپنا پہلا میچ بھارت کے خلاف 23 اکتوبر کو کھیلے گاجبکہ ایونٹ 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب 2019 سے قومی ٹیم سے باہر فاسٹ بالر محمد عامر نے ٹی 20 ورلڈ کپ  اور انگلینڈ کے خلاف سیریز  کے لیے قومی ٹیم کا اعلان پر کڑی تنقید کی ۔

سماجی رابطے کی سائٹ  ٹوئٹر پر چیف سلیکٹر محمد وسیم  پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ  "چیف سلیکٹر کی چیپ سلیکشن”۔

متعلقہ تحاریر