95 میچز میں 388 وکٹیں لینے والا 36سالہ فاسٹ بولر اسلام آباد میں چل بسا

شہزاد اعظم کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی، بازید خان،راشدلطیف، عالیہ رشید اور دیگر کا اظہار تعزیت

95 فرسٹ کلاس میچز میں 388 وکٹیں لینے والا فرسٹ کلاس فاسٹ بولر 36سالہ شہزاد اعظم اسلام آباد میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔

کرکٹ تجزیہ کار فرحان ناصر  نے ٹوئٹر پر مرحوم شہزاد اعظم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کے انتقال کی خبر دی۔

یہ بھی پڑھیے

جاپان کے عالمی شہرت یافتہ ریسلر اینوکی 79 برس کی عمر میں چل بسے

ایشین بوائے عثمان وزیر نے ورلڈ یوتھ ٹائٹل جیت کر پاکستان کا نام روشن کردیا

ٹوئٹر پر جاری پوسٹ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ فاسٹ بولر شہزاد اعظم دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔فرحان ناصر نے بتایا کہ مرحوم شہزاد اعظم  نے 95 فرسٹ کلاس میچز میں 388 وکٹیں حاصل کیں۔

فرحان ناصر کے ٹوئٹ پر  سابق ٹیسٹ کرکٹر بازید خان،راشد لطیف، اسپورٹس جرنلسٹ عالیہ رشید،عتیق الزمان اور دیگر نے تعزیت اور افسوس کا اظہا ر کیا ہے۔

عالیہ رشید نے لکھاکہ کھلاڑیوں کو پروفیشنل گیم کے ساتھ اپنے دل کی صحت کابھی جائزہ لیتے رہنا چاہیے ، حتیٰ کہ کلب اور ایسوسی ایشن کی طرف سے بھی میڈیکل کی سہولت ہونی چاہیے۔

عالیہ رشید کے تبصرے پر جواب دیتے ہوئے سابق فاسٹ بولر یاسر عرفان کے والدادریس ستی نے لکھا کہ کلبوں کے پاس زہر کھانے کے پیسے نہیں ہیں  اور  آپ طبی سہولتوں کی بات کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہزاد اعظم بہت ناانصافیاں اور شکوے ساتھ لے گیا،ایک سیزن ٹاپ وکٹ ٹیکر ہوکر پاکستان اے ٹور کےبعد جوان گھر بیٹھ جائے،دل ہی تو ہے کب تک برداشت کرے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل لاہور میں  مقامی فاسٹ بولر عثمان شنواری بھی میچ کے دوران حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

متعلقہ تحاریر