پاکستان کی ناقص فیلڈنگ اور بلے بازی نے ورلڈ کپ کی تیاریوں پر سوال اٹھادیے

انگلینڈ کیخلاف فیصلہ کن ٹی 20 میں پاکستان نے 3 کیچز گرائے،2 کیچ کپتان بابر اعظم نے چھوڑے، ڈیوڈ ملان نے 2 مواقع ملنے کےبعد 47گیندوں پر 78 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، پاکستانی مڈل آرڈر نے 102 گیندیں کھیل کر صرف 118 رنز بنائے۔

انگلینڈ کیخلاف آخری ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان  کی ناقص فیلڈنگ اوربلے بازی نے ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں پر سنجیدہ سوالات اٹھادیے۔

پاکستان کی طرف سے کپتان بابر اعظم نے 2 جبکہ محمد وسیم جونیئر نے ایک کیچ چھوڑا  جس نے ٹیم کی شکست میں اہم کردار ادا کیا۔ جبکہ مڈل آرڈر بیٹنگ  نے بھی شدید مایوس کیا۔

2 مواقع ملنے کے بعد 47 گیندوں پر 78 رنز بنانے والے ڈیوڈ ملان نے میچ کے بعد پاکستان کے ڈراپ کیچز کو لمبی پارٹرنرشپ کی اہم وجہ قرار دیا جبکہ کپتان بابر اعظم نے بھی اعتراف کیا ہے کہ اگر وہ 2 کیچز نہ گراتے تو میچ کا نتیجہ مختلف ہوسکتا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

95 میچز میں 388 وکٹیں لینے والا 36سالہ فاسٹ بولر اسلام آباد میں چل بسا

عامر جمال ڈیبیو ٹی 20 میں ہی چھاگئے، اپنا انتخاب درست ثابت کردیا

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔انگلینڈ کے خلاف آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ وکٹ کیپر اور بلے باز محمد رضوان، خوشدل شاہ، فاسٹ بولرز حارث رؤف اور محمد حسنین کی فائنل الیون میں واپسی ہوئی تھی جب کہ محمد حارث، حیدر علی، عامر جمال اور شاہنواز دھانی کو آرام دیا گیا تھا۔

انگلش ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے، ڈاوڈ ملان 78 رنز بناکر نمایاں رہے۔پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی ٹیم کا آغاز اچھا رہا، دونوں اوپنرز نے 39 رنز کی شراکت داری بنائی لیکن پھر ایلکس ہیلز 18 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

انگلش ٹیم کو دوسرا نقصان فل سالٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 20 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، اس کے علاوہ بین ڈکٹ 30 رنز پر پویلین لوٹے۔101 کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد ڈاوڈ ملان اور ہیری بروک نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 20 اوورز میں 209 رنز تک پہنچایا۔ملان 47 گیندوں پر 78 اور ہیری بروک 29 گیندوں پر 46 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے انگلینڈ کی اننگز میں تین کیچز ڈراپ کیے جس میں سے 2 ڈیوڈ ملان اور ایک ہیری بروک کا تھا، دونوں نے اس سے فائدہ اٹھاکر 61 گیندو پر 108 رنز کی شراکت بنائی۔3 میں سے 2 کیچز کپتان بابر اعظم جبکہ ایک محمد وسیم نے ڈراپ کیا۔

انگلینڈ کے 210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز کافی برا رہا، اوپنرز بابر اعظم 4 اور رضوان صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کو تیسرانقصان افتخار احمد کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 19 رنز بناکر پویلین لوٹے،اس کے علاوہ خوشدل شاہ   27 اور آصف علی  7 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔

شان مسعود نے 56 رنز کی اننگز کھیلی پر وہ بھی ٹیم کو کامیابی نہ دلواسکے، اس کے علاوہ محمد نواز 9 اور وسیم جونیئر 5 رنز بناکر چلتے بنے۔پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں8 وکٹوں پر 142 رنز بنائے، یوں انگلش ٹیم نے 67 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 3-4 سے اپنے نام کرلی۔

اہم ترین میچ میں پاکستان کا مڈل آرڈر ایک مرتبہ پھر بری طرح ناکام رہا۔پاکستان مڈل آرڈر  بلے بازوں نے مجموعی طور پر 102 گیندوں  پر صرف 118رنز بنائے، شان مسعود نے 56 رنز کی قابل ذکر اننگز کھیلی لیکن انہوں نے بھی 43 گیندوں کا سامناکیا۔افتخار احمد نے 19 رنز بنانے کیلیے 16،خوشدل شاہ نے 27رنز بنانے کیلیے 25 جبکہ آصف علی نے 7 رنز بنانے کیلیے9 اور محمد نواز نے 9 رنز بنانے کیلیے 9 گیندیں کھیلیں۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ  ڈیوڈ ولی نے 2 وکٹیں حاصل کیں،اس کے علاوہ  ٹوپلے، عادل رشید اور سام کُررن نے ایک ایک وکٹ لی۔انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان مردمیدان قرار پائے جبکہ ہیری بروک سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے ۔

پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل آخری امتحان کیلیے نیوزی لینڈ روانہ ہوگئی ہے جہاںپاکستان، بنگلہ دیش اور نیوزلینڈ کےمابین  6اکتوبر سے  ٹی 20ٹرائی سیریز کھیلی جائے گی،پاکستان سیریز میں اپنا پہلا میچ جمعرات کو 6 اکتوبر کو بنگلہ دیش کیخلاف کھیلے گا۔

سیریز کا فائنل 13 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جس کےبعد پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کیلیے آسٹریلیاں روانہ ہوجائے گی۔ جہاں پاکستان 23 اکتوبر کو اپنی پہلی آزمائش میں میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت کا مقابلہ کریگا۔

متعلقہ تحاریر