پی سی بی کے ”راجہ“مڈل آرڈر کی ناکامی سے متعلق سوال پر غصے میں آگئے

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے ”راجہ“ رمیز راجہ اسپورٹس شو کے دوران قومی ٹیم کے مڈل آرڈر کی ناکامی سے متعلق سوال پر غصے میں آگئے اور اسپورٹس شوز پر منفی چیزیں پھیلانے کا الزام عائد کردیا۔چیئرمین پی سی بی کے رویے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام اسپورٹس روم میں میزبان شعیب ہاشمی سے براہ راست گفتگو کررہے تھے۔میزبان نے مڈل آرڈر کی مسلسل ناکامی سے متعلق سوال کیا تو چیئر مین پی سی بی غصے میں آگئے۔

یہ بھی پڑھیے

کرتار پور میں پاکستان اور بھارت کے سابق ٹیسٹ کرکٹرز کی یادگار ملاقات

شاداب خان نے نیوزی لینڈ روانگی کے دوران جہاز میں سالگرہ منائی

رمیز راجہ نے  کہاکہ یہ ٹیم کیسے غلط کھیل رہی ہے؟ کسی ٹیم کو کیسے پرکھا جاتا ہے؟کامیابی کا تناسب دیکھتے ہیں ؟ پھر دیکھتےہیں کہ عالمی سطح پر ٹیم کس رینک پر کھڑی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پہلی مرتبہ آپ کے 3یا 4 کھلاڑی آئی سی سی کے سارے ایوارڈز لے اڑے ہیں، آپ نے برسوں کے بعد،شاید میری زندگی میں تو کبھی ورلڈ کپ میں انڈیا کو نہیں ہرایا۔آگے چلتے ہیں تو آپ ایشیا کپ کا فائنل کھیلتے ہیں لیکن وہ بھی آپ کو پسند نہیں آتا کیونکہ وہاں آپ ہار گئے،لیکن پھر انڈیا تو فائنل بھی نہیں کھیلا انہیں تو پھانسی لگادینی چاہیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ پاک انگلینڈ سیریز میں گراؤنڈز میں پاؤں رکھنے کی جگہ نہیں تھی،مطلب پرستار پاکستان کرکٹ ٹیم میں بے انتہا دلچسپی لے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب اتنے بڑے بڑے سنگ میل اور اشارے موجود ہیں تو مجھے سمجھ نہیں آتی کہ آپ لوگ ان شوز میں منفی چیزوں کو اتنی ہوا کیوں دیتے ہیں؟انہوں نے کہاکہ آپ لوگ پلس کو نہیں دیکھ رہے ، آپ لوگ آدھاخالی گلاس دیکھ رہے ہیں۔

اینکر نجیب الحسنین نے کہا کہ جب ہم ٹیم کے بارے میں سوالات پوچھتے ہیں تو وہ واضح طور پر مشتعل ہو جاتے ہیں، آرام سے  ٹھنڈے ہوجائیں  چیئرمین صاحب ہم سب ٹیم کی بہتری چاہتے ہیں ، یہ کہنے سے کہ ہم منفی ہیں آپ کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

سینئر صحافی اور اینکر مرزا اقبال بیگ نےچیئرمین پی سی بی کے حوالے سے کہاکہ ایک سال کے بعد وہ ٹی وی پر آنا شروع ہو گئے ہیں ورنہ وہ میڈیا سے گریز کر رہے تھے۔ کیا کچھ اہم ہونے والا ہے ؟؟

متعلقہ تحاریر