عمیر جسوال فلم راولپنڈی ایکسپریس میں شعیب اختر بنیں گے
اداکار عمیر جسوال نے فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اس خوشخبری سے آگاہ کردیا۔

دنیائے کرکٹ کی تاریخ کے تیزترین گیند باز شعیب اختر کی زندگی پر فلم’راولپنڈی ایکسپریس ‘بننے جارہی ہے ۔
اداکار و گلوکار عمیر جسوال نے اعلان کیا ہے کہ فلم میں شعیب اختر کا مرکزی کردار وہ ادا کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے
شعیب اختر کی بایو پک "راولپنڈی ایکسپریس” اگلے سال سینماؤں کی زینت بنے گی
اداکار شان شاہد راولپنڈی ایکسپریس پر کیوں چڑھ دوڑے؟
اداکار عمیر جسوال نے انسٹاگرام پر فلم راولپنڈی ایکسپریس کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو اس خوشخبری سے آگاہ کیا۔پوسٹر میں عمیر جسوال کو شعیب اختر کے پوز میں دکھایا گیا ہے۔
View this post on Instagram
عمیر جسوال نےاپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ آپ سب کو اس بات سے آگاہ کرتے ہوئے بہت پرجوش ہوں کہ راولپنڈی ایکسپریس میں بڑے پردے پر لیونگ لیجنڈ مسٹر شعیب اختر کا کردار ادا کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
اللہ ہمیں ہماری کوششوں میں کامیاب کرے، ہم آپ کے سامنے اپنی نوعیت کی پہلی بائیوپک فلم لانے کے منتظر ہیں جو دنیا بھر میں سراہے جانے کے لائق ہے۔
روالپنڈی ایکسپریس سے قبل فلم یلغار میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے عمیر جسوال کو گلوکار و موسیقار بلال مقصود، عمیر جسوال کے بھائیوں عزیر جسوال اور یاسرجسوال،ویٹ لفٹر طلحہٰ طالب سمیت شوبز شخصیات اور مداحوں نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے فلم کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

کیو فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم راولپنڈی ایکسپریس کے ہدایت کار اور مصنف محمد فراز قیصر ہیں۔ فلم کے حوالے سے جاری کردہ پریس ریلیز میں محمدفراز قیصر نے بتایا کہ”فلم میں شعیب اختر کی 1975 سے 2002 تک کی زندگی کا احاطہ کیا جائے گا ۔ عمیر جسوال اس کردار میں بالکل فٹ بیٹھتے ہیں کیونکہ وہ کھیل اور فٹنس کے شوقین ہیں اور انہوں نے کئی مہینوں سے اپنے جسم اور فٹنس لیول پر کام کیا ہے۔ ان کی لگن بے مثال ہے اور وہ کردار کی کشش کو تسلیم کرتے ہیں اور لیجنڈری کرکٹر شعیب اختر کی شخصیت کو اسکرین پردکھانے کے لیے درکارعزم کااظہار کرتے ہیں “۔









