ڈومیسٹک کرکٹرز پائی پائی کے محتاج، پی سی بی نے 5 ماہ سے معاوضہ نہیں دیا
جولائی کے بعد سے اب تک ڈومیسٹک کرکٹرز کو ماہانہ معاوضہ نہ ہی کوئی میچ فیس ادا کی گئی ہے

پاکستان میں کھیلوں کی واحد ارب پتی باڈی پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے 5 ماہ سے ڈومیسٹک کرکٹرز کو میچ فیس سمیت کوئی معاوضہ ادا نہیں کیا۔
پی سی بی کی بے اعتنائی کے باعث غریب کرکٹر پائی پائی کے محتاج ہوگئے ہیں اور ان کے لیے گھروں کے چولہے جلانا بھی دشوار ہوگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
بھارت آئے نہ آئے ایشیا کپ غیرجانبدار مقام پر نہیں ہوگا، رمیز راجا
پاکستان کے قدم جماتے ہی مائیکل وان کو پنڈی کی پچ بری لگنے لگی
پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ڈومیسٹک کرکٹ نظام تبدیل ہونے سے سیکڑوں کرکٹرز بے روزگار ہوئے، ڈپارٹمنٹس کی بندش سے ان کی آمدنی کا بڑا ذریعہ ختم ہو گیا گوکہ موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی کا اعلان کیا تھا مگر اس حوالے سے کوئی پیش رفت دیکھنے میں نہیں آئی۔
بورڈ کی موجودہ انتظامیہ نے کھلاڑیوں کے معاوضے بڑھانے اور آمدنی میں اضافے کے بلند وبانگ دعوے کیے مگر تاحال کوئی بہتری نظر نہیں آئی۔ذرائع نے بتایا کہ جولائی کے بعد سے اب تک ڈومیسٹک کرکٹرز کو ماہانہ معاوضہ نہ ہی کوئی میچ فیس ادا کی گئی ہے،یہ پانچواں مہینہ ہے جب وہ چیک کی راہ دیکھ رہے ہیں،ملازمتوں سے محروم کھلاڑیوں کیلیے اپنے گھروں کے چولہے جلائے رکھنا دشوار ہوتا جا رہا ہے۔
قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا فائنل ہوئے ڈھائی ماہ گذر چکے اس کی انعامی رقم بھی ادا نہیں کی گئی۔سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈومیسٹک فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی ختم ہونے کے بعد کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کنٹریکٹس ارسال کیے گئے۔









