راولپنڈی ٹیسٹ: انگلینڈ نے پاکستان کو 74 رنز سے شکست دے دی

تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں انگلش ٹیم کو پاکستان کے ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

انگلش کرکٹ ٹیم نے راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان 74 رنز سے شکست دے کر تین میچز پر مشتمل سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کرلی ہے۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے 264 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی ٹیم ڈکلیئر کردی تھی ، اور پاکستان کو جیت کے لیے 343 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے کیا تھا ، تاہم 20 کے  مجموعی اسکور پر پاکستان کی پہلی وکٹ گر گئی جب عبداللہ شفیق 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ، انہوں نے 14 گیندوں کا سامنا کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

قطر ورلڈ کپ: فرانسیسی کھلاڑی "کلیان ایمباپے” نے عالمی ریکارڈ توڑ ڈالے

ڈومیسٹک کرکٹرز پائی پائی کے محتاج، پی سی بی نے 5 ماہ سے معاوضہ نہیں دیا

ون ڈاؤن پلیئر اظہر علی آئے تاہم گیند انگلی پر لگنے کی وجہ سے وہ زخمی ہو گئے اور ریٹائرہرٹ ہوکر میدان سے باہر چلے گئے۔ اگلے آنے والے بلے باز کپتان بابر اعظم تھے تاہم اس مرتبہ قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا اور وہ صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کےبعد سعود شکیل بیٹنگ پر آئے ، انہوں نے اوپننگ بلے باز امام الحق کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور چوتھے دن کے کھیل کے اختتام تک مزید کوئی نقصان اٹھائے بغیر 80 رنز کا مجموعہ بنا دیا۔

کھیل کے پانچویں دن کے آغاز پر پاکستان کو جیت کے لیے 264 رنز درکار تھے جبکہ انگلینڈ کو 8 وکٹوں کی ضرورت تھی۔ دن کے آغاز پر ہی پاکستان کو نقصان اٹھانا پڑا جبکہ کل کے مجموعی اسکور میں ابھی صرف 9 رنز کا اضافہ ہوا تھا۔ ویل سیٹ بلے باز امام الحق 48 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر آؤٹ ہو کر میدان سے باہر چلے گئے۔

محمد رضوان اور سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 176 کے مجموعے پر پہنچایا ، اس موقع پر وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 46 کے اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کی 5ویں 198 کے مجموعی اسکور پر گری جب سعود شکیل 76 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ، انہوں نے 159 گیندوں کا سامنا کیا ، ان کی اننگز میں 12 چوکے شامل تھے۔

پاکستان کی چھٹی وکٹ 259 پر گری جب آغا سلمان 30 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

آغا سلمان کے بعد یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی گئیں اور پاکستان کی ساری ٹیم 268 کے رنز پر بک ہو گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے اولی رابینسن اور جیمز اینڈرسن نے چار چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ بین اسٹوکس اور جیک لیچ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

ٹیمیں

ٹیم انگلینڈ: زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس (سی)، لیام لیونگ اسٹون، ول جیکس، اولی رابنسن، جیک لیچ، جیمز اینڈرسن۔

ٹیم پاکستان: عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، آغا سلمان، نسیم شاہ، زاہد محمود، حارث رؤف، محمد علی

متعلقہ تحاریر