ملتان ٹیسٹ: تیسرے دن کا کھیل ختم، پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنا لیے
دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف جیت کے لیے 157 رنز درکار ہیں جبکہ انگلینڈ کو سیریز میں واضح برتری حاصل کرنے کے لیے 6 وکٹوں کی ضرورت ہے۔
ملتان ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام پر قومی کرکٹ ٹیم نے چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 198 رنز اسکور بنالیے ، انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کےلیے 355 رنز کا ہدف دیا ہے۔
انگلش ٹیم نے آج اپنی نامکمل اننگز 202 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی۔ تاہم انگلش بلے باز یکے بعد دیگرے اپنی وکٹیں گنواتے رہے تو ساری ٹیم 275 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ پہلی اننگز کے 79 رنز کی برتری کے ساتھ انگلینڈ نے ٹیم پاکستان کو مجموعی طور پر 355 رنز کا ہدف دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ملتان ٹیسٹ: انگلینڈ 275 رنز پر آل آؤٹ، پاکستان کو 355 رنز کا ہدف
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور عبداللہ شفیق نے کیا ، پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد رضوان تھے انہوں نے 30 رنز اسکور کیے تھے ، انہیں جیمز اینڈرسن نے آؤٹ کیا۔
دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان بابر اعظم جنہوں نے صرف ایک رن بنایا تھا انہیں روبنسن نے بولڈ آؤٹ کیا۔
پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عبداللہ شفیق تھے انہیں 45 رنز پر مارک ووڈ نے بولڈ آؤٹ کیا۔
سعود شکیل اور امام الحق نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 108 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، تاہم 60 کے مجموعی اسکور پر امام الحق کیچ دے بیٹھے اور پویلین لوٹ گئے۔
تیسرے دن کھیل کے اختتام پر ٹیم پاکستان کے کھلاڑی سعود شکیل 54 رنز اور فہیم اشرف تین رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
میچ انتہائی دلچسپ مرحلے میں داخل ہوچکا ہے ، پاکستان کو سیریز برابر کرنے کے لیے 157 رنز درکار ہیں جبکہ انگلینڈ کو سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے 6 وکٹوں کی ضرورت ہے۔
تین میچز پر مشتمل سیریز میں انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف صفر کے مقابلے میں ایک میچ کی برتری حاصل ہے۔
میچ کی اہم بات
پاکستان کی ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے اسپن باؤلر ابرار احمد 11 وکٹوں کے ساتھ نمایاں باؤلر کے طور پر سامنے آئے ہیں ، انہوں نے پہلے اننگز میں انگلینڈ کے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی جبکہ دوسری اننگز میں بھی 4 وکٹیں حاصل کرکے تمام کرکٹ پنڈتوں کی نظریں اپنی جانب مبذول کرالی ہیں۔
پاکستان کا اسکواڈ
کپتان بابراعظم، امام الحق، عبداللہ شفیق، سعود شکیل، محمد رضوان، آغا سلمان، محمد نواز، فہیم اشرف، زاہد محمود، ابرار احمد اور محمد علی شامل ہیں۔
انگلینڈ کا اسکواڈ
کپتان بین اسٹوکس، زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، ول جیکس، اولی رابنسن، جیک لیچ، مارک ووڈ اور جیمز اینڈرسن شامل ہیں۔









