انگلینڈ کے ہاتھوں وائٹ واش، ٹیم کی قیادت سرفراز کو سونپنے کا مطالبہ زور پکڑگیا

سینئر اسپورٹس رپورٹر سلیم خالق نے کیویز کیخلاف سرفراز احمد کو کپتان بنانے کا مطالبہ کردیا۔ عبدالماجد بھٹی، یحییٰ حسینی، شعیب جٹ، سہیل عمران اور مرزا اقبال بیگ کا بھی رضوان کو ٹیسٹ ٹیم سے نکالنے کی تجویز دیدی

پاکستان کرکٹ ٹیم  کو انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست اور70 سالہ تاریخ میں  پہلی بارہوم سیریز میں وائٹ واش کے بعد کیویز کیخلاف ہوم سیریز میں  قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کو سونپنے کا مطالبہ زور پکڑگیا۔

کھیلوں سے وابستہ سینئر صحافیوں نے نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریزمیں  وکٹ کیپر رضوان کی جگہ سرفراز احمد کو آزمانے اور بابر اعظم کی جگہ انہیں کپتانی سونپنے کامطالبہ کردیا۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی ٹیسٹ بھی انگلینڈ کے نام، پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر پہلی بار وائٹ واش

کرکٹ کیلیے اَن فٹ حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی شادی کیلیے فٹ ہوگئے

سینئر صحافی سلیم خالق نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کی کپتانی سابق کپتان سرفراز احمد کو سونپنے کا مطالبہ کردیا۔سلیم خالق نے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ اگر پی سی بی بہتر نتائج چاہتا ہے تو نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز کیلیے سرفرازاحمد کابطور کپتان تقرر کرے۔

سینئر صحافی عبدالماجد بھٹی نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی پچھلی 12اننگز کے اعداد و شمار شیئر کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ اس کارکردگی کے بعد بابراعظم انصاف کےتقاضے پورے کرکے سرفرازاحمد کو نیوزی لینڈ کی سیریز میں آزمائیں، نیشنل اسٹیڈیم میں ٹیسٹ کے تیسرے دن تماشائی بھی سرفراز کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔

سینئر اینکرسید یحییٰ حسینی بھی عبدالماجد بھٹی کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کی رائے سے اتفاق کیا۔

اسپورٹس رپورٹر شعیب جٹ نےسرفراز احمد کے حق میں کئی ٹوئٹ کیے ہیں۔ایک ٹوئٹ میں انہوں نے  نیشنل اسٹیڈیم کی ایک وڈیو شیئر کی ہے جس میں تماشائی سابق کپتان سرفراز احمد کو ٹیم میں واپس لانے کیلیے نعرے لگارہے ہیں۔ انہوں نے لکھاکہ وہ کون ہیں؟ ان کی پروا کسے ہے؟ کیا وہ دوست ہیں؟ نہیں، تو انہیں نعرے لگانے دو لیکن وہ سو رہے ہیں۔

شعیب جٹ نے ایک اور ٹوئٹ میں سرفراز احمد کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ”کھلانا منع ہے“۔

ایک ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ رائٹ مین فار دی رائٹ جاب، نوازشریف نے نجم سیٹھی کو چیئر مین پی سی بی بنایا، سیٹھی نے انضمام الحق کو چیف سلیکٹر بنایا،انضمام نے بطور کپتان سرفراز احمد کو سپورٹ کیا اور نتیجہ یہ نکلا کہ پاکستان  تاریخ میں پہلی بار چیمپئنز ٹرافی جیت گیا۔

اسپورٹس رپورٹر سہیل عمران نے بھی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سرفراز احمد کو موقع دینے کا مطالبہ کردیا۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں سرفراز احمد کو موقع اور محمد رضوان کو آرام دینا چاہیے ۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے سوال کی کیا کہ محمد رضوان ، آخر کب تک؟

سینئر صحافی مرزا اقبال بیگ نے بھی  ای ایس پی این اسٹار اسپورٹس کی جانب سےمرتب  کردہ محمد رضوان کے پچھلی 12 اننگز کے اعداد شمار شیئرکردیے۔ ای ایس پی این نے اپنے ٹوئٹ میں سوال اٹھایا تھا کہ محمد رضوان نے اپنے آخری چھ ٹیسٹ میچز میں ففٹی اسکور نہیں کی ،کیا پاکستان کو ان کا ساتھ برقرار رہنا چاہیے؟  مرزا اقبال بیگ نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ لیکن پھر بھی وہ کسی کو موقع نہیں دے رہا۔

متعلقہ تحاریر