شاہین شاہ آفریدی سسر کو عہدہ ملتے ہی سرکشی سے باز آگئے

شاہد خان آفریدی کے چیف سلیکٹر بنتے ہی شاہین شاہ آفریدی نے کپتان بابر اعظم کے حق میں کیا گیا ٹوئٹ ہٹادیا۔

 پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ  آفریدی  ہونے والے سسر شاہد آفریدی کو پاکستان کرکٹ بورڈ میں چیف سلیکٹر کا عہدہ ملتے ہی سرکشی سے باز آگئے۔

فاسٹ بولر نے کپتان بابراعظم کی حمایت میں کیا گیا ٹوئٹ ہٹادیا۔

یہ بھی پڑھیے

سوچنا بھی منع ہے: شاہین اور حارث  نے بابراعظم کیلیے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑادیں

فاسٹ بولر حارث رؤف کا ازدواجی زندگی میں ڈیبیو

قومی ٹیم کو انگلینڈ کے ہاتھوں ہوم سیریز میں ذلت آمیز شکست کےبعد کپتان بابر اعظم کو تنقید کا سامنا تھا اور سوشل میڈیا پر انہیں کپتانی سےہٹانے کا مطالبہ زور پکڑ رہا تھا  تو قومی ٹیم کے 2 نوجوان فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے بابراعظم کے حق میں”ایسا سوچنا بھی منع ہے“ٹرینڈشروع کیا تھا۔

شاہین شاہ آفریدی نے کراچی ٹیسٹ کے موقع پر لیا گیا قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا گروپ فوٹو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ”بابراعظم ہماری اور پاکستان کی شان ،جان اور پہچان ہے، وہ ہمارا کپتان ہے اور رہے گا،کچھ اور سوچنابھی منع ہے“۔انہوں نے درخواست کی کہ”برائے مہربانی! اس ٹیم کا ساتھ دیجیے،یہی ٹیم ہمیں جتوائے گی بھی،کہانی ابھی ختم نہیں ہوئی“۔

قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولرز کی جانب سے پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرنے پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیاتھا۔سابق اسپورٹس رپورٹرز، سوشل میڈیاصارفین اور سابق کرکٹرز نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دونوں فاسٹ بولرز کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیاتھا۔

تاہم گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی  منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے سابق کپتان شاہد خان آفریدی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

دریں اثنا شاہد آفریدی کے چیف سلیکٹر بنتے ہی ان کے ہونے والے داماد نے کپتان بابر اعظم کے حق میں کیا گیا ٹوئٹ ڈیلیٹ کردیا۔تاہم حارث رؤف کی جانب سے کیا گیا ٹوئٹ تاحال ان کے ہینڈل پر موجود ہے۔

واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی قومی کرکٹ ٹیم کی عبوری سلیکشن کمیٹی کے سربراہ شاہد خان آفریدی کے ہونے والے داماد ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی اور شاہد آفریدی کی دوسرے نمبر کی صاحبزادی انشاآفریدی آئندہ برس فروری میں نکاح کے بندھن سے بندھ جائیں گے۔

متعلقہ تحاریر