کھیل کو صنعت کا درجہ دیں گے، طلبا اسے بحیثیت کیرئیر اپنائیں، رانا مشہود

حکومت حوصلہ افزائی کرے تو کھیلوں میں ڈگری دینے کو تیار ہیں، ڈاکٹر سروش لودھی

کھیل کو انڈسٹری بنائیں گے، طالب علم اسے کیرئیر بنائیں، ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے اب نوجوان بینک سے آسان قرضوں پر من پسند لیپ ٹاپ حاصل کیے کرسکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے این ای ڈی کی اسپورٹس سہولتوں کا دورے کے موقعے پر کیا۔ انہیں شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش لودھی نے ہائی پرفارمنس بائیو مکینکس لیب اور اس میں آئندہ نصب کیے جانے والے آلات کا بھی دورہ کروایا۔کھیلوں کی ترقی و ترویج کے ضمن میں رانا مشہود احمد خان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی خصوصی توجہ نوجوانوں پر ہے، دنیا بھر کی طرح ہم اب کھیلوں کو صنعت کا درجہ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ طالب علم اب کھیلوں کو بحیثیت کیرئیر اپنا سکیں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے اب نوجوان بینک سے آسان قرضوں پر من پسند لیپ ٹاپ بھی حاصل کیے کرسکیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت دنیا بھر کی طرح ای اسپورٹس فیڈریشن بنانے پر کام کررہی ہے۔ فیڈریشن کے تحت پاکستان بھر میں نوجوانوں کے لیے دس اسپورٹس اکیڈمیاں بنانے جارہے ہیں جس سے باصلاحیت کھلاڑی ابھر کر سامنے آسکیں گے۔ اس دورے کے موقعے پر سابق سینیٹر نہال ہاشمی، انچارج اسپورٹس ایچ ای سی (اسلام آباد) جاوید علی میمن اور کوآرڈینیٹر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام فہد شفیق اور پروجیکٹ مینجر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام مدیحہ اسلم بھی ساتھ تھیں۔ اس موقعے پر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان حوصلہ افزائی کرے تو این ای ڈی، کھیلوں میں ڈگری دینے کے لیے تیار ہیں.شیخ الجامعہ نے کھیلوں کے فروغ کے لیے انچارج اسپورٹس ایچ ای سی جاوید علی میمن کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہاکہ این ای ڈی میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے بننے والی بائیو میکنکس لیب اپنی نوعیت کی منفرد لیبارٹری ہے جس میں آلات اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس کے ذریعے کھلاڑیوں کی جسمانی صحت کی جانچ کی جاسکے گی، جس سےکھلاڑیوں کی کارکردگی میں بہتری کے مواقع میسر آئیں گے۔

متعلقہ تحاریر