سیکشن 42 کمپنی، تحقیق و کمرشلائزیشن کی فعالیت میں سنگ میل ثابت ہوگی، ڈاکٹر سروش
جامعہ این ای ڈی میں دو سو گیارہویں سینڈیکٹ اجلاس کا انعقاد کیا گیا
کراچی() جامعہ این ای ڈی کے تحت دو سو گیارہویں سنڈیکیٹ اجلاس کا انعقاد وائس چانسلر این ای ڈی ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کی صدارت میں ہوا، جس میں دو سو دسویں اجلاس کی سفارشات کی منظوری سمیت تعلیمی، مالیاتی اور انتظامی معاملات کی منظوری دی گئی۔ اس موقعے پر شیخ الجامعہ کا کہنا تھا کہ سیکشن 42 کمپنی کی سفارشات کی منظوری، جامعات کی تحقیق و کمرشلائزیشن کو فعال بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگی۔ سینڈیکٹ میں ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ انڈومنٹ فنڈز کے قیام کی منظوری سمیت سیکشن 42 کمپنی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی جوکہ انٹی لیکچوئیل پراپرٹی کے حوالے سے کام کرے گی۔ اس اجلاس میں کمپیوٹر سائنس انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ، تھر انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر عباس علی اور میٹیریل انجینئرنگ کے ڈاکٹر فیاض حسین کو چیئرمین شپ کو تسلسل سے جاری رکھنے کی منظوری دی گئی۔ ٹائم پے اسکیل کے تحت اَپ گریڈیشن قوانین میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی۔ سابقہ طالب علم کی حیثیت سے انجینئر سہیل بشیر کی این ای ڈی کے لیے خدمات کو سراہتے ہوۓ سول لیکچرار ہال کو اُن کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ آفتاب رضوی کے قائم کردہ ماں جی انڈومنٹ فنڈ کے اُصول و ضوابط کی منظوری سمیت اس اجلاس میں 2 پی ایچ ڈیز کی منظوری بھی دی گئی۔ سینڈیکٹ اجلاس میں شیخ الجامعہ، چئیرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق رفیع، سمیت معین الجامعہ ڈاکٹر محمد طفیل، سیکریٹری آئی ٹی(سندھ) نور احمد سموں، سینڈیکیٹ سیکریٹری/ مسجعل سید غضنفر حسین نقوی سمیت دیگر ممبران نے فزیکل اور آن لائن شرکت کی۔