یوٹیوب نے مختصر ویڈیوز کا فیچر ’کلپس‘ متعارف کرادیا
یوٹیوب نے 'کلپس' نامی فیچر پر کام شروع کردیا ہے جس کی بدولت مختصر ویڈیوز شیئر کی جاسکیں گی۔
دنیا بھر میں ویڈیو شیئرنگ کی مقبول ترین ویب سائٹ یوٹیوب نے ٹک ٹاک سے متاثر ہوکر گزشتہ برس مختصر ویڈیو بنانے کی سہولت ‘شارٹس’ پیش کی تھی تاہم اب اس نے ‘کلپس’ نامی فیچر پر کام شروع کردیا ہے۔
یوٹیوب کے ‘کلپس’ فیچر کے تحت لائیو اسٹریمنگ یا طویل ویڈیو میں سے 5 سے 60 سیکنڈز کی ویڈیو کاٹ کر بھیجی جاسکتی ہیں۔ یہ فیچر فی الحال ڈیسک ٹاپ اور اینڈرائیڈ ورژن کے لیے پیش کیا جارہا ہے جسے کچھ صارفین کے لیے متعارف کروادیا گیا ہے۔ یوٹیوب نے صارفین سے اس فیچر سے متعلق رائے کی درخواست بھی کی ہے۔
یہ فیچر آتے ہی صارف کو شیئر بٹن کے ساتھ ایک ‘کلپ’ کا آئکن نظر آئے گا۔ صارفین اس آئکن پر کلک کرکے ویڈیو کا نام دیں اور وقت کا دورانیہ مختص کر کے شیئر کا بٹن دبائیں گے تو آپشن کھل جائے گا۔ اس آپشن کے ذریعے صارفین فیس بک اور ٹوئٹر سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کلپ بھیج سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
یوٹیوب اور سوشل میڈیا کی آمدن پر ممکنہ ٹیکس
اس فیچر کے ذریعے بنایا گیا کلپ ایک مختلف یو آر ایل (ویب ایڈریس) ک ساتھ بنے گا جسے کسی کے ساتھ بھی شیئر کیا جاسکے گا۔ ویب ایڈریس وصول کرنے والا کسی بھی براؤزر کا استعمال کرتے ہوئے کلپ دیکھ سکے گا۔ اس کے ساتھ ہی کلپ کو شیئر اور ڈیلیٹ کرنا بھی ممکن ہوگا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر کوئی صارف یوٹیوب سے پیسے کماتا ہے تو یہ کلپ بھی مونیٹائزیشن میں شامل ہوجائے گا جس سے رقم کمائی جاسکے گی۔