پاکستانیوں نے گوگل پر فحش مواد نہیں پالتو جانوروں کی معلومات سرچ کیں
گوگل کی پاکستانیوں سے متعلق سرچ رپورٹ 2020 کے خوش کُن نتائج کے مطابق پاکستانیوں نے 2020 کے دوران سب سے زیادہ دلچسپی پالتو جانوروں کی نگہداشت، آمدن بڑھانے، اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے اور اردو کے الفاظ کی تلاش کرنے میں لی۔
گوگل کی پاکستانیوں سے متعلق سرچ رپورٹ 2020 کے مطابق پاکستانیوں کی آن لائن سرچ میں حیرت انگیز اضافہ ہوا ہے اور کرونا کے باعث گھروں میں محصور پاکستانیوں نے سماجی فاصلے کے پیش نظر زیادہ وقت اپنے گھر، گھر والوں، گھر کی اشیا، اپنے پالتو جانوروں اور پودوں کے ساتھ گزرا۔
گوگل سرچ کے مطابق سال 2020 میں پاکستانیوں کی سرچ میں سب سے زیادہ اضافہ جانور پالنے، اس کی نگہداشت، قیمت، فروخت، خوراک، شرارتوں، افزائش، ادویات، بیماریوں، نسلوں، خصوصیات، تندرستی کے نسخے اور ٹوٹکے تلاش کرنے میں ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سال 2019 کی نسبت سال 2020 میں پالتو جانوروں سے متعلق پاکستانیوں کی سرچ میں 700 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
گوگل کی سرچ رپورٹ 2020 کے مطابق آمدن کے متبادل ذرائع کی تلاش اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری اور اس کے منافعے سے خوابوں کی تعبیر سال 2020 میں پاکستانیوں کی دوسری بڑی دلچسپی رہی ہے۔ سال 2019 کی نسبت سال 2020 میں پاکستانیوں کی ان ہی شعبوں میں گوگل سرچ کی تلاش میں 650 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ایپل اور فیس بک کے سربراہان کے درمیان جنگ کیوں چھڑی؟
اِس کے علاوہ پاکستانیوں نے گھروں اور دفاتر میں بیٹھ کر آن لائن اپنی صلاحیتوں، خدمات، پیشہ وارانہ مہارت اور اپنی خصوصیات کو ٹٹولنے اور ان کے ذریعے آن لائن یا سائیڈ لائن آمدن بڑھانے پر خاصا وقت سرف کیا۔ اس میں ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ پاکستانیوں نے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے، اس بارے میں قوانین، ضوابط، طریقہ کار، منافعے کے اعداد و شمار اور اسٹاک مارکیٹ کے داؤ پیچ تلاش کرنے میں بھی خاصا وقت لگایا۔
اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے گوگل سرچ میں سال 2019 کی نسبت سال 2020 میں 223 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستانی آمدن بڑھانے پر اس کے منافع سے اپنے مسائل کم کرنے اور اپنے خوابوں کی تعبیر کے تانے بانے بنتے رہے۔
گوگل سے اردو دان بننے کی کوششیں
گوگل کے مطابق سال 2020 میں پاکستانیوں نے اردو کے الفاظ تلاش کرنے میں بھی وقت لگایا اور سال 2019 کی نسبت 2020 میں گوگل پر اردو کے الفاظ تلاش کرنے کی شرح 328 فی صد بڑھ گئی۔ پاکستانی اردو کے الفاظ، ان کے معنی، مفہوم اور اصطلاح تلاش کرتے رہے اور محفلوں میں اردو کے گاڑھے الفاظ استعمال کرکے خوب داد وصول کرتے رہے اور اپنے آپ کو اردو دان گرداننے کے لیے تعریفیں کراتے رہے۔
سال 2020 میں پاکستانیوں نے گوگل پر مزید کیا کیا سرچ کیا
پاکستانیوں نے سال 2020 میں کرونا وبا کے دوران 5 شعبوں کو زیادہ سرچ کی۔ پاکستان میں بچوں سے متعلق مصروفیات کے مواد کی سرچ میں 250 فیصد اضافہ ہوا۔ پاکستانی بچوں کو گھر میں تعلیم فراہم کرنے کے طریقہ کار تلاش کرنے میں مصروف رہے۔ لاک ڈاون میں اپنی عادات کے مصرف کے لئے 128 فیصد موضوعات میں اضافہ ہوا۔
کھانوں کی تیاری اور کھانے پکانے کی تراکیب، مختلف کھانوں کے فوائد کی تلاش میں 140 فیصد ہوا گوگل رپورٹ کے مطابق مستحق افراد کی امداد کرنے فلاحی کاموں کے موضوعات کے لئے سرچ میں 122 فیصد اضافہ ہوا اور صدقہ خیرات دینے سے متعلق سرچ میں 41 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
آن لائن گیمز میں ملک بھر میں 35 فیصد اضافہ ہوا۔ صنفی توازن اور احساس کمتری کے موضوعات کی سرچ میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ذہنی صحت اور توازن سے متعلق آن لائن سرچ میں 100 فیصد اضافہ ہوا۔ بیماریوں سے بچاو سے متعلق سرچ میں 109 فیصد اضافہ ہوا۔
ماحول دوستی، شجر کاری اور پودوں کی نگہداشت میں پاکستانیوں کی عدم دلچسپی
سال 2020 میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستانی گھروں میں محصور تو ہوئے لیکن انہیں اپنے گھر، باغیچے اور گھر کے کسی بھی کونے میں پڑے پودوں کا خیال سب سے کم آیا۔ گوگل سرچ کے مطابق پاکستانیوں نے سال 2019 کی نسبت 2020 میں پودوں کی دیکھ بھال کی سرچ میں محض 25 سے 30 فیصد اضافہ کیا ہے۔
پودوں کی نگہداشت، اقسام اور پیداوار بڑھانے میں جہاں پاکستانیوں کا وقت کم گزار وہیں سب سے کم وقت پاکستانیوں نے مختلف اشیا کو ری سائیکل کرنے سے متعلق سرچ کرنے میں لگایا۔ مختلف سامان کو ازسرنو قابل استعمال بنانے کے طریقہ کار کی تلاش میں پاکستانیوں کی دلچسپی محض 25 فیصد بڑھی۔