زیبرا کے جسم پر دھاریاں کیڑے مکوڑوں سے بچاتی ہیں
تحقیق کو فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر ری ٹوئٹ کردیا۔
زیبرا کے جسم پر سیاہ و سفید دھاریوں کا معمہ حل ہوگیا ہے۔ ماہرین کے مطابق دھاریوں کا مقصد زیبرا کو مکھیوں اور حشرات سے محفوظ رکھنا ہے۔ اس حوالے سے ایک دلچسپ تجربہ بھی کیا گیا۔ زیبرا سے متعلق تحقیق کو پاکستان کے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ری ٹوئٹ کیا ہے۔
زیبرا کے جسم پر سیاہ و سفید دھاریاں کیوں ہوتی ہیں؟ یہ ایک ایسا سوال ہے جس کا جواب سائنسدان کئی برسوں سے ڈھونڈنے کی کوشش کررہے تھے۔ بالآخر اب اس معمے کو حل کرلیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ زیبرا کی دھاریوں کا مقصد اسے مکھیوں اور دیگر حشرات سے محفوظ رکھنا ہے جو کاٹنے کی صورت میں زیبرا کو بیمار کرسکتی ہیں۔
اس تحقیق کے لیے گائے پر ایک دلچسپ تجربہ کیا گیا۔ 6 جاپانی کالی گائے میں سے تین تین گائے کے 2 گروپ بنائے گئے۔ دونوں گروپوں میں سے دو گائے کے اوپر زیبرہ کی طرح کالی اور سفید دھاریاں پینٹ کی گئیں ۔ 2 پر صرف کالی دھاریاں جبکہ 2 پر کسی قسم کا کوئی پینٹ نہیں کیا گیا۔
Scientists believe that a function of a zebra’s stripes is to deter insects, so a team or researchers painted black and white stripes on several cows and discovered that it reduced the number of biting flies landing on the cows by more than 50%.
https://t.co/eFS9c5PYS8 pic.twitter.com/I9li9AQPkq— Scientia (@MagScientia) April 6, 2021
یہ بھی پڑھیے
ٹک ٹاک پر پابندی، فواد چوہدری اور ٹک ٹاکرز ناراض
روزانہ کی بنیاد پر حشرات کے گائے پر بیٹھنے اور کاٹنے کو نوٹ کیا گیا۔ حیران کن طور پر جن دو گائے پر زیبرہ جیسی کالی اور سفید دھاریاں بنائی گئی تھیں ان پر مکھیاں 50 فیصد کم بیٹھیں۔ تحقیق میں یہ بھی ثابت ہوا کہ مکھیاں اور دیگر حشرات جانوروں کے رنگ، حجم، نقل و حرکت، چمک اور جسم کے درجہ حرارت کو محسوس کرتے ہوئے ان کی طرف راغب ہوتی ہیں۔
زیبرا سے متعلق اس دلچسپ تحقیق کو وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر ری ٹوئٹ کردیا۔