گوگل پلے اسٹور نے 8 جعلی کرپٹو کرنسی مائننگ ایپس کو ہٹا دیا

رپورٹ کے مطابق جعلی ایپس صارفین سے کرپٹو مائننگ کے نام پر پیسے بٹور رہی تھیں۔

گوگل نے پلے اسٹور سے صارفین کو دھوکہ دینے والی 8 جعلی کرپٹو کرنسی مائننگ ایپلی کیشنز کو ہٹا دیا ہے۔ سیکیورٹی فرم ٹرینڈ مائیکرو کے مطابق پلے اسٹورز سے ہٹائی گئیں تمام جعلی ایپس صارفین سے کرپٹو مائننگ کے نام پر پیسے بٹور رہی تھیں۔

گزشتہ چند سالوں سے بٹ کوائن کی قیمت میں ریکارڈ اضافے کے بعد لوگوں کا کرپٹو کرنسی کی خرید وفروخت کی جانب رجحان بڑھ گیا ہے۔ دنیا بھر میں لوگوں کے کرپٹو کرنسیز میں بڑھتے شوق کے ساتھ اس میں فراڈ کے واقعات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

اس حوالے سے گوگل نے گوگل پلے اسٹورز سے صارفین کو کرپٹو کرنسی کی مائننگ کے نام پر دھوکہ دینے والی 8 ایپس کو ہٹا دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ ایپس کرپٹوکرنسی کلاؤڈ مائننگ ایپس کے طور پر موجود تھیں جہاں صارفین سے کلاؤڈ مائننگ آپریشن کے نام پر پیسے لیے جارہے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

ایلون مسک کا انسانی خاصیت والے روبوٹ بنانے کا اعلان

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بدنیتی پر مبنی یہ 8 ایپلی کیشنز صارفین کو اشتہار دیکھنے اور سبسکرپشن سروسز کی ادائیگی کی مد میں 15 ڈالر وصول کررہی تھیں جبکہ اس کے بدلے صارفین کو سوائے جھوٹ کے کچھ نہیں دیا جارہا تھا۔

ٹرینڈ مائکرو کی رپورٹ کے مطابق پلے اسٹور سے ہٹائی گئیں 8 جعلی کرپٹو کرنسی مائننگ ایپلی کیشنز میں بٹ فنڈز، بٹ کوائن مائنر، بٹ کوائن پول مائننگ، ڈیلی بٹ کوائن ریوارڈز، مائن بٹ پرو اور دیگر شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان میں سے 2 جعلی ایپلی کیشنز صارفین سے سبسکرپشن فیس بھی وصول کررہی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق ان جعلی ایپس میں کوئی کرپٹو کرنسی مائننگ سسٹم نہیں تھا۔ تمام ایپلی کیشنز کرپٹو کرنسی کے بڑھتے رجحانات کا فائدہ اٹھا کر صارفین کو دھوکہ دے رہی تھیں۔

غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ گوگل نے جعلی ایپس کو پہلے ہی گوگل پلے اسٹور سے ہٹانے کا دعویٰ کیا تھا لیکن ٹرینڈ مائیکرو نے اپنی رپورٹس میں کہا ہے کہ جب انہوں نے گوگل پلے پر ’کلاؤڈ مائننگ‘ جیسے کلیدی الفاظ تلاش کیے تو انہیں ایک ہی قسم کی بہت سی ایپس نظر آئیں۔ سیکیورٹی فرم کے مطابق ان میں سے چند ایپس کو ایک لاکھ سے زائد بار ڈاؤن لوڈ بھی کیا گیا تھا۔

متعلقہ تحاریر