آن لائن گیمنگ والدین کے لیے پریشان کن یا بچوں کا بہتر مستقبل؟

شہری آن لائن گیمنگ کے زیادہ استعمال پر حکومت سے پالیسی بنانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

چین میں ایک ہفتے میں صرف تین گھنٹے بچوں کو آن لائن گیمنگ کی اجازت دینے کے بعد پاکستان میں بھی لوگ بچوں میں آن لائن گیمنگ کا استعمال کم کرنے کے لیے پالیسی بنانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ دوسری جانب آئی ٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ ای اسپورٹس ایک بڑی انڈسٹری ہے، اسکول میں بھی بچوں کو اس کی تعلیم دینی چاہیئے۔

پچھلے دنوں چین نے آن لائن گیمنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر بچوں کا گیمنگ  کا  وقت  محدود  کردیا۔ چین میں بچے صرف جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو رات  8 سے 9 بجے  کے  درمیان آن لائن گیم کھیل سکتے ہیں۔

چین کے اس  اقدام  کے  بعد اب پاکستان میں بھی شہری حکومت سے آن لائن گیمنگ کا استعمال کم کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا کہ کرونا پابندیوں کے باعث اسکول بند ہونے سے بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی ہے۔ تعلیمی سرگرمیاں بحال ہونے کے بعد حکومت آن لائن گیمنگ کا استعمال کم کرنے کے لیے اقدام اٹھائے تاکہ بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو۔

دوسری جانب انفارمیشن ٹیکنالوجی سے جڑے ماہرین کا کہنا ہے کہ ای اسپورٹس ایک بڑی انڈسٹری ہے۔ کئی ممالک میں آن لائن گیمنگ کے ٹورنامنٹ بھی منعقد کروائے جاتے ہیں۔ ایسے میں حکومت کو اس پر پابندی کے بجائے ایک پالیسی بنانی چاہیئے تاکہ بچے گیمنگ سے بھی جڑے رہیں اور اپنی تعلیم پر بھی دھیان دے سکیں۔

یہ بھی پڑھیے

چین میں بچوں کا آن لائن گیمنگ وقت محدود

ماہرین کا مشورہ ہے کہ اسکول میں بھی بچوں کو آن لائن گیمنگ کی تعلیم دی جائے تاکہ بچے دیگر مضامین کے ساتھ  آن لائن گیمنگ کی اہمیت کو سمجھ سکیں تاہم والدین بھی اپنے بچوں پر نظر رکھیں تاکہ بچے اپنا تمام وقت گیمنگ میں ضائع نہ کریں۔

واضح رہے کہ کچھ وقت قبل پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے درمیان طے پایا  گیا  تھا ملک میں ای اسپورٹس کو کھیل کا درجہ دینے پر مزید کام کیا جائے گا۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ان کی ویڈیو گیمز سے دلچسپی ہے تو نئے مواقعے اب ان کے منتظر ہوں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کسی کو پڑھائی میں دلچسپی نہیں تو وہ آن لائن گیمنگ میں مہارت حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ 90 ارب ڈالر کی ای اسپورٹس انڈسٹری کا حصہ بن رہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر