ٹوئٹر کا بورڈ تحلیل، بلیو ٹک اکاؤنٹس پر ماہانہ 20 ڈالر فیس لگانے کا فیصلہ

ایلون مسک ٹوئٹر کے بورڈ کو فارغ کرکے خود کمپنی کے واحد ڈائریکٹر بن گئے، بلیو ٹک کی فیس وصولی کا سسٹم بنانے کیلیے انجینئرز کو 7 نومبر کی ڈیڈ لائن دیدی، ناکامی کی صورت میں فارغ کرنے کی وارننگ جاری

ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے سی ای او اور دنیا  کی مشہور ترین مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے نئے سربراہ ایلون مسک نے ٹوئٹر کا بورڈ تحلیل کردیا اور خود کمپنی کے واحد ڈائریکٹر بن گئے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ایلون مسک نے بلیو ٹک کے حامل تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹس پر ماہانہ 20 ڈالر فیس لگانے کا فیصلہ کرلیا۔

یہ بھی پڑھیے

ایلون مسک ٹوئٹرکے نئے مالک ، چیف ایگزیکٹو پراگ اگروال نوکری سے فارغ

ٹک ٹاک کا بالغان کیلیے علیحدہ لائیو اسٹریم موڈ متعارف کرانیکا اعلان

برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق ایلون مسک نے ٹوئٹر کا بورڈ تحلیل کر دیا ہے اور خود   کمپنی کے واحد ڈائریکٹر بن گئے ہیں۔ایک نئی فائلنگ کے مطابق بورڈ کے تمام سابقہ ​​ممبران نے اپنا اختیار ختم کر دیا ہے، صرف ایلون مسک تمام اختیارات کے مالک بن گئے ہیں۔

پیر کو سامنے آنے والی اسٹاک فائلنگ کے مطابق یہ کارروائی ایلون  مسک کی جانب سے  کمپنی کی 44ارب ڈالر میں  خریداری کے حصے کے طور پر کی گئی  ہے۔اس سے قبل بورڈ  نے ٹوئٹر کے چیئر مین بریٹ ٹیلر کے ساتھ ساتھ حال ہی میں معزول کیے گئے چیف ایگزیکٹو پراگ اگروال کو بورڈ کا حصہ بنایا تھا۔

 برطانوی میڈیا کے مطابق ایلون مسک نے بلیو ٹک پر فیس عائد کرنے کے لیے سسٹم بنانے کے لیے انجینئرز کو 7 نومبر تک کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ ڈیڈ لائن تک پروجیکٹ پورا نہ کرنے کے صورت میں انجینئرز کو برطرف کرنے وارننگ دی گئی ہے۔

ایلون مسک نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ٹوئٹر اکاؤنٹ کے تصدیقی طریقہ کار کو نئے سرے سے بنایا جارہا ہے۔دنیا کے سب سے امیر شخص ایلون مسک نے ٹوئٹر خریدنے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں تبدیلیاں لانے کا اعلان کیا تھا۔ تصدیقی عمل کے علاوہ  ٹوئٹر کےدیگر فیچرز پر بھی فیس عائد کی جائے گی۔

متعلقہ تحاریر