کیا تحریک انصاف 15 جون کے بعد لانگ مارچ کرے گی؟
مقتدر قوتوں نے عمران خان کو ایک اورلالی پاپ دیا ہے کہ بجٹ پیش کرنے کے بعد حکومت 15 جون تک انتخابات کا اعلان کرکے اسمبلیاں تحلیل کردے گی لیکن بجٹ کے بعد الیکشن کا اعلان کرنا حکومت کیلیے سیاسی خودکشی کے مترادف ہوگا،ذرائع

سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے حقیقی آزادی مارچ کی ناکامی کے بعد یکم جون اورپھر 4 جون کو اگلے لانگ مارچ کی تاریخ دینے کا اعلان کیا لیکن تاریخ دیے بغیر پشاور سے بنی گالہ پہنچ گئے ہیں۔
حکومت 10 جون کو آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ پیش کرنے جارہی ہے ،ایسے میں یہ سوال اہمیت اختیار کرگیا ہے کہ عمران خان کا اگلا لائحہ عمل کیا ہوگا؟
یہ بھی پڑھیے
وزیر اعظم جلد کفایت شعاری مہم کا اعلان کریں گے، مفتاح اسماعیل
قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک پی ٹی آئی حکومت کے گن گانے لگے
نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق حکومت 10 جون کو بجٹ پیش کرنے جارہی ہے جس میں ٹیکسز کی بھرمار کے ساتھ ساتھ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتو ں میں مزید اضافہ کیا جائے گا جس کے نتیجے میں عوامی غم و غصہ عروج پر پہنچ جائے گا اور عمران خان کیخلاف عوام کے جذبات کو ابھارنا مزید آسان ہوجائے گا۔
نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق مقتدر قوتوں نے عمران خان کو ایک اورلالی پاپ دیا ہے کہ بجٹ پیش کرنے کے بعد حکومت 15 جون تک انتخابات کا اعلان کرکے اسمبلیاں تحلیل کردے گی تاہم ذرائع کا کہنا ہےکہ بجٹ پیش کرنے کے بعدحکومت کی جانب سے نئے الیکشن کا اعلان سیاسی خودکشی کے مترادف ہوگا اور حکومت الیکشن کی تاریخ کااعلان کرنے کے بجائے اسمبلیوں کی مدت پوری کرنے کو ترجیح دے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں امکان ہے کہ عمران خان 15 جون کے بعد لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کردیں گے اور اس مرتبہ عمران خان کسی جھانسے میں نہیں آئیں گے اور اسلام آباد پہنچنے کے بعد الیکشن کی تاریخ لیکر ہی دھرنا ختم کریں گے