عامر لیاقت کی تدفین تاخیر کا شکار، ورثا اور پولیس عدالت پہنچ گئے

پوسٹ مارٹم کے تنازع پر پولیس اور ورثا نے عدالت سے رجوع کیا،عدالت کی اجازت پرپولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ میت کے معائنے کے بعدروانہ، رپورٹ کی روشنی میں عدالتی احکام کے بعد پولیس پوسٹمارٹم سے متعلق فیصلہ کریگی،سابقہ اہلیہ بشریٰ اقبال کی تدفین میں تاخیر پر معذرت

معروف اینکر پرسن اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین  کی نماز جنازہ اور تدفین  تاخیر کا شکار ہوگئی۔مرحوم کے پوسٹ مارٹم   کے تنازع پر ورثا اور پولیس نے عدالت سے رجوع کرلیا۔

علاقہ مجسٹریٹ نے پولیس سرجن کو  مرحوم عامر لیاقت کی میت کے بیرونی معائنے کی اجازت دیدی۔ پولیس سرجن کی رپورٹ کے بعد پوسٹ مارٹم کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

زندگی کے بعد عامر لیاقت کی موت بھی متنازع بن گئی

عامر لیاقت کے انتقال کےبعد انکے اکاؤنٹ سے پہلا ٹوئٹ آگیا

کراچی پولیس نے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت کی وجہ موت کی جانچ کیلئے دفعہ 174 کے تحت پوسٹ مارٹم کی درخواست دائر کردی۔درخواست میں کہا گیا کہ ڈاکٹرعامرلیاقت کا قتل ہوایاطبی موت ہے پتہ کرنا ہے، ہمیں پوسٹ مارٹم کی اجازت دی جائے۔

دوسری جانب عامر لیاقت کے بیٹے احمد نے پوسٹ مارٹم نہ کرنے اور میت حوالگی کی درخواست دائر کی ، جس میں کہا اہل خانہ پوسٹ مارٹم نہیں کروانا چاہتے، اہل خانہ قانونی ضابطے کےلئےبیان حلفی دینے کو تیار ہیں۔

عدالت نے پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کو لاش کے بیرونی معائنے کی ہدایت کردی ۔عدالتی احکام کے بعد مرحوم کے ورثا ، پولیس سرجن اور مجسٹریٹ نوکر عباس چھیپا سردخانے پہنچ گئے۔ بعدازاں پولیس سرجن میت کے معائنے کے بعد عدالت کو رپورٹ  پیش کرنے کیلیے روانہ ہوگئیں۔عدالتی احکام کی روشنی میں پولیس پوسٹ مارٹم کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرے گی۔

مرحوم عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ بشریٰ اقبال نے عامر لیاقت کی تدفین میں تاخیر پر معذرت کااظہار کیا ہے۔بشریٰ اقبال نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ناموافق حالات کی وجہ سے عامرلیاقت کی نماز جنازہ مؤخر کر دی گئی ہے۔ تکلیف کیلیے معذرت خواہ ہیں، جلد ہی  پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر