نامور شخصیات کا عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
اگر شادی کے بعد بھی نجی لمحات سوشل میڈیا پر جارہے ہوں تو پھر ایسےنکاح اور ایسے رشتے کا کیا فائدہ؟اداکارہ سونیا حسین:ایک مرتبہ اس معاملے کو مثال بنادیں ورنہ کسی کا گھر محفوظ نہیں رہے گا، وسیم بادامی:جب انہیں انتقام کا نشانہ بنایا گیا تو ہم سب کو ان کے لیے کھڑا ہونا چاہیے تھا، عشنا شاہ

ٹیلی وژن کی نامور شخصیات اینکرپرسن وسیم بادامی،اداکارہ سونیا حسین اور عشنا شاہ نے ذاتی لمحات کی وڈیوزکی سوشل میڈیا پر تشہیر کو عامر لیاقت کی موت کی وجہ قرار دیتے ہوئے انکی تیسری اہلیہ کیخلاف کارروائی کامطالبہ کردیا۔
اداکارہ سونیا حسین اوروسیم بادامی نے سوشل میڈیا کو بھی مورد الزام ٹھہراتے ہوئے صارفین سے آئندہ کسی ذاتی وڈیوز شیئر نہ کرنے کی اپیل کردی۔
یہ بھی پڑھیے
بشریٰ انصاری نے کسے عامر لیاقت کی موت کا ذمے دار قرار دیدیا؟
شوبز انڈسٹری کا عامر لیاقت کے انتقال پر گہرے دکھ کااظہار
اداکارہ سونیا حسین نے عامر لیاقت حسین کے انتقال کے بعد اپنے تاثرات کے اظہار کیلیے طویل 10 منٹ طویل وڈیو پیغام کا سہارا لیا۔سونیا حسین نے کہا کہ عامر لیاقت کے حسین کے انتقال کو تین دن ہوگئے لیکن مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ کیا لکھوں ۔انہوں نے کہا کہ کچھ واقعات ایسے ہوتے ہیں جو آپ کیلیے لمحہ فکریہ چھوڑ جاتے ہیں اور عامر لیاقت کا انتقال بھی ان میں سے ایک واقعہ ہے۔
انہوں نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے بہت سے لوگوں کو عامر لیاقت کےا نتقال کی خبر شیئر کی تو ان کا ردعمل یہ تھا کہ اچھا ہواچلاگیا۔انہوں نے کہا کہ کسی کے مرنے پر کوئی ایسا کیسے کہہ سکتا ہے۔انہو ں نے کہا کہ کوئی کتنا ہی برا شخص کیوں نہ ہو آپ اس کیلیے موت کی خواہش نہیں کرسکتے۔
اداکارہ سونیا حسین نے کہا کہ عامر لیاقت کو ان تمام برائیوں کیلیے اکسایا کس نے؟ ہم سب نے۔انہوں نے کہاکہ کسی بات پر اعتراض کرنے والے 80 فیصد افراد ہی اسے پھیلانے کا سبب بنتے ہیں۔
View this post on Instagram
اداکارہ سونیا حسین نے ڈپریشن کو عامر لیاقت کی موت کی وجہ قراردیا۔انہوں نے کہا کہ ڈپریشن میں آپ کا پانی پینا اور سونا بھی آپ کی موت کی وجہ بن جاتا ہے کیونکہ جب انسان میں جینے کی تمنا اور امید ختم ہوجائے تو پھر کوئی بھی چیز اس کی موت کی وجہ بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عامر لیاقت بہت زیادہ ڈپریس اور پریشر میں تھے۔انہوں نے کہا کہ پورا معاشرہ عامر لیاقت کی موت کا ذمے دار ہے۔
انہوں نے کہاکہ میں ایک ڈرامہ”ایسی ہے تنہائی “ کیاتھا، اس ڈرامے کا پیغام یہ تھا کہ اگر آپ کو اپنے نجی لمحات کسی سے شیئر کرنے ہیں تو آپ کو پہلے اسے شادی کرنی چاہیے، یہ تو میں پہلی بار دیکھ رہی ہوں کہ شادی کے بعد بھی آپ کے ایسے لمحات وائرل ہورہے ہیں تو بندہ کس چیز پر بھروسہ کرے؟
انہوں نے کہا کہ شادی ایک پاکیزہ رشتہ ہے جس میں دو لوگ رشتے میں بندھنے کے بعد ایک دوسرے کا پردہ بن جاتے ہیں۔اگر شادی کے بعد بھی نجی لمحات سوشل میڈیا پر جارہے ہوں تو پھر ایسےنکاح اور ایسے رشتے کا کیا فائدہ؟جس میں آپ خود کو محفوظ نہ رکھ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ان تمام اداروں کو مورد الزام ٹھہراؤں گی جنہیں نے ایسے لوگوں کی ہمت بڑھائی ہے جنہوں یہ سب وائرل کیا ہے اور ہم سب جانتے ہیں کہ یہ کس نے کیا ہے۔انہوں نے میڈیا ہاوسز اور یوٹیوبرز کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
@WaseemBadami well said. Whether we agreed with him or disagreed, we all should have stood for him when he was made a victim of revenge-porn. Instead we watched, we allowed ourselves to be entertained by his downfall, his cries for help.
Allah forgive us. pic.twitter.com/G9VZrHyQek
— Ushna Shah (@ushnashah) June 11, 2022
دوسری جانب عامر لیاقت حسین کےجنازے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سینئر اینکر پرسن وسیم بادامی نے بھی مرحوم کے نجی لمحات کو سوشل میڈیا کی زینت بنانے والوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔انہوں نے کہاکہ عامر لیاقت اس برتاؤ کے مستحق نہیں تھے۔
وسیم بادامی سے سوال کیا گیا کہ آپ سمجھتے ہیں کہ عامر لیاقت سوشل میڈیا کا شکار بن گئے؟ انہوں نے کہا کہ جی بالکل میں یہ سمجھتا ہوں کہ وہ سوشل میڈیا کا شکار بنے ہیں۔کیا دنیا میں کوئی ایسا آدمی ہے جو خطاؤں سے پاک ہے؟ ان کے ساتھ بہت زیادتی ہوئی ہے اور وہ سوشل میڈیا کا شکار بنے ہیں۔
وسیم بادامی نے کہا کہ میں یہ کہنا چاہوں گا کہ ایک مرتبہ اس واقعے کو مثال بنادیں کیونکہ بہرحال ایک نجی چیز پبلک تو کی گئی ہے، ایک مرتبہ اس معاملے کو مثال بنادیں ورنہ کسی کا گھر محفوظ نہیں رہے گا۔
اداکارہ عشنا شاہ نے وسیم بادامی کی وڈیو شیئر کرتے ہوئے کہ وسیم بادامی نے بالکل درست فرمایا،چاہے ہم ان سے متفق ہوں یا نہ ہوں،جب انہیں انتقام کا نشانہ بنایا گیا تو ہم سب کو ان کے لیے کھڑا ہونا چاہیے تھا لیکن اس کے بجائے ہم نے اس مواد کو دیکھا، ہم سب ان کے زوال اور ان کی مدد کیلیے پکار سے لطف اندوز ہوئے ۔اللہ ہمیں معاف کرے۔

دریں اثنا اداکار فیصل قریشی نے عامر لیاقت حسین کے جنازے میں شرکت نہ کرنے والے فنکاروں پر غصے اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔فیصل قریشی نے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کی اور لکھا کہ یہ دُنیا صرف سوشل میڈیا کی حد تک رہ گئی ہے، کوئی مرے یا زندہ رہے، بس اسٹیٹس لگا دو۔
اداکار نے اسٹیٹس لگانے والوں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘کسی کے جنازے یا دُکھ درد میں شرکت نہیں کرتے لیکن خبروں میں آنے کے لیے سوشل میڈیا پر لکھ دیتے ہیں تاکہ کہیں نہ کہیں چھپ جائے۔
فیصل قریشی نے کہا کہ یہ دیکھ کر بےحد افسوس ہوا جن کے لیے عامر لیاقت نے بہت کچھ کیا، وہ اُن کے نمازِ جنازہ میں موجود نہیں تھے۔
انہوں نے لکھا کہ جو لوگ شہر میں نہیں تھے، اُن کا سمجھ آتا ہے لیکن جو کراچی میں ہوتے ہوئے بھی عامر لیاقت حسین کے نمازِ جنازہ میں نہیں آئے، اُن کے لیے بس یہی ہے کہ یہ دُنیا مطلبی ہے۔









