ریحام خان نے نوجوان ماڈل و اداکار مرزا بلال سے تیسری شادی کرلی

ریحام خان کے نکاح کی سادہ تقریب امریکا میں منعقد ہوئی، بیٹے نے بطور وکیل شرکت کی، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے نوجوان اداکار اور ماڈل  مرزا بلال بیگ سے تیسری شادی کرلی۔

ریحام خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پرستاروں کو تیسری شادی کی خوشخبری سناتے ہوئے شادی کے موقع پر لی گئی تصاویر بھی شیئر کردیں۔ ریحام خان کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور ریحام خان کا نام ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہوگیا

یہ بھی پڑھیے

عمران خان پر توجہ نہ دینے کا بیان ، اداکار  زاہد احمد کا ریحام خان کو کرارا جواب

اداکار فیروز خان اور عدیل چوہدری کے ریحام خان کی تصویر پر بے ہودہ تبصرے

 

ریحام  کے نکاح کی تقریب امریکا میں ہوئی۔ ریحام خان نے ابتدائی طور پر اپنے ٹوئٹ کے ذریعے شادی کی خوشخبری سنائی بعدازاں اپنے ٹوئٹرہینڈل اور انسٹاگرام پر اپنے شوہر کی تصاویر جاری کردیں۔

سابق خاتون اول نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر اپنے تیسرے شوہر کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ  میں لکھا کہ”بالآخر مجھے وہ شخص مل گیا جس پر میں بھروسہ کرسکتی  ہوں“۔

اپنے انسٹاگرام پرشادی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے اپنے کمنٹ میں لکھا کہ” میرا جیون ساتھی مل گیا“۔

 امریکا کے شہر سیٹل میں منعقدہ نکاح کی سادہ سی تقریب میں انہیں اور ان کے شوہر کو نکاح کے بعد دعا کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے تصویر کے کیپشن میں لکھاکہ” ہم نے مرزا بلال کے والدین کی دعاؤں کے ساتھ  نکاح کی خوبصورت تقریب سیٹل میں منعقد کی جس میں  میرا بیٹا بطور وکیل شریک  ہوا“۔

ریحام خان نے نکاح کے موقع پر برقع پہن رکھا تھا جبکہ شادی میں انہوں نے مغربی روایات کے مطابق  سفید عروسی جوڑا زیب تن کیا جبکہ ان کے شوہر سوٹ میں ملبوس تھے۔

انہوں نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں لکھاکہ ان کے شوہر نے شادی کے موقع پر اسلامی احکامات کی پیروی کرتے ہوئے سونے کی انگوٹھی پہننے سے انکار کردیا۔ ریحام خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر بھی شادی کی متعدد تصاویر شیئر کی ہیں۔

واضح رہے کہ ریحام خان کے تیسرے شوہر ماڈل و اداکارمرزا بلال میڈیا انڈسٹری سے وابستہ ہیں، وہ آج نیوز سے نشر ہونے والے معروف پروگرام فور مین شو کا حصہ تھے جبکہ نیونیوز اور بول ٹی وی پر بھی طنز و مزاح کے پروگرام کرچکے ہیں۔ ان دنوں وہ تحریک انصاف کے بڑے ناقد ہیں اور ٹوئٹر پر وی لاگ شیئر کرتے رہتے ہیں۔

 واضح رہے کہ ریحام نے 1990 میں پہلی شادی  اعجاز رحمان سے کی تھی اور ان کی طلاق 2005 میں ہوئی  اس شادی سے ان کے تین بچے بھی ہیں جو برطانیہ میں مقیم ہیں۔

بعدازاں انہوں نے نے جنوری 2015 میں سابق وزیراعظم عمران خان سے دوسری شادی کی تھی جو بمشکل چند ماہ ہی چل سکی تھی اور اکتوبر 2015 میں علیحدگی ہوگئی تھی۔

متعلقہ تحاریر