سندھ اسمبلی میں مار پیٹ کے اگلے دن پیٹ پوجا

پاکستان میں بدھ کی صبح سے سینیٹ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا سلسہ جاری رہا اور اراکین سندھ اسمبلی بھی سینیٹرز کے انتخاب کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے رہے۔ سندھ اسمبلی ایک روز قبل ہاتھا پائی اور مار پیٹ کی نذر کی جا رہی تھی لیکن آج قدرے پر سکون رہی۔

حکومتی اور حزب اختلاف کی جماعتوں کے درمیان ووٹوں کے معاملے پر تناؤ اور کشیدگی تو رہی لیکن اسی دوران ووٹنگ بھی جاری رہی اور کھانے پینے کا دور بھی چلتا رہا۔

سندھ اسمبلی کے احاطے میں ممبران کے لیے کھانے پینے کا خوب بندوبست کیا گیا تھا۔ صبح ناشتہ بھی تھا اور ظہرانہ بھی پُر تکلف رہا۔ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ فنکشنل کے رہنما ساتھ ناشتہ کرتے ہوئے نظر آئے اور بعد میں چائے کی چسکیاں بھی لیں۔

یہ بھی دیکھیے

بہاولپور کا سیاسی ڈھابہ عوام کی توجہ کا مرکز

دن بھر کی دوڑ دھوپ کے بعد شکم پروری کی ضرورت محسوس ہوئی تو اُس کا انتظام بھی بھرپور تھا۔ ریشمی کباب، پلاؤ، سیخ کباب، قورمہ، شیرمال، تافتان اور گاجر کا حلوہ پھر اُس کے بعد چائے کا دور بھی چلا۔ یعنی ایسا لگ ہی نہیں رہا تھا کہ ایک روز قبل اسی جگہ پر یہی لوگ ایک دوسرے کو دوڑا دوڑا کر مار رہے تھے۔

بار بی کیو سے اُٹھتا ہوا دھواں اس کی ویڈیو بنانے والے صحافیوں کے منہ میں بھی پانی لے آیا۔

متعلقہ تحاریر