گلوکارہ ریشماں جیسی صورت اور آواز کی مالک لاہور کی ممتاز

ممتاز ریشماں کی بلبل صحرا ریشماں سے مشابہت دیکھنے والوں کو حیران کرتی ہے تو ان کی آواز سن کر بھی ریشماں کا گمان ہوتا ہے۔

کہتے ہیں کہ دنیا میں ایک شکل کے 7 لوگ ہوتے ہیں اور یہ بات ممتاز ریشماں کو دیکھ کر سچ ثابت ہوتی ہے۔ گلوکارہ ریشماں کو ہم سے بچھڑے کئی برس ہوگئے ہیں لیکن نیوز 360 نے لاہور سے ریشماں کی ہم آواز اور ہم شکل ڈھونڈ نکالی ہیں جو صورت بھی ریشماں جیسی اور آواز بھی بلبل صحرا کی رکھتی ہیں۔ 

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ایک جھونپڑیوں میں بسنے والی خانہ بدوش ممتاز عرف ریشماں کی آواز کا سحر اور جھلک گلوکارہ ریشماں کی یاد دلا تا ہے۔ 35 سالہ ممتاز صرف آواز ہی نہیں بلکہ شکل سے بھی ریشماں کی پرچھائیں جیسی ہیں۔

لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن کی سمسانی جھونپڑیوں میں رہائش پذیر ممتاز ریشماں کے 3 بچے ہیں۔ ان کے شوہر دل کے عارضے میں مبتلا ہیں۔ پیشے کے اعتبار سے ممتاز ریشماں شادی بیاہ میں گانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کے گھروں میں کام کرتی ہے۔

ممتاز ریشماں نے نیوز 360 سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا تعلق پنجاب کے ضلع فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ سے ہے۔ انہیں گانے کا بچپن سے ہی شوق تھا لیکن گھر کی طرف سے اجازت نہیں تھی۔ جب شادی ہوئی تو شوہر نے گانے کی اجازت دی اور انہوں نے گانا شروع کیا۔

یہ بھی پڑھیے

بہاولپور کا سیاسی ڈھابہ عوام کی توجہ کا مرکز

ممتاز ریشماں نے کہا کہ لوگ مجھے کہتے تھے کہ تم ریشماں جیسی لگتی ہو پھر میں نے ریشماں کو دیکھا اور سنا۔ تب سے بس ریشماں جیسی ہوگئی ہوں۔ اب شادی بیاہ پر گیت گا کر اور لوگوں کے گھروں میں کام کر کے کچھ پیسے کما لیتی ہوں۔

نیوز 360 سے گفتگو کرتے ہوئے ممتاز ریشماں نے بتایا کہ ریشماں کی آواز میں گا کر اچھا لگتا ہے لیکن گانا کسی سے سیکھا نہیں ہے۔ موقع ملا تو ریشماں جی کی طرح ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کروں گی۔

ممتاز ریشماں کسی بڑے پلیٹ فارم کی تلاش میں ہیں جہاں وہ موسیقی کے افق پر جگمگا سکیں۔

متعلقہ تحاریر