امریکا اور یورپی یونین کا عمران خان کی گرفتاری پر ردعمل
امریکا اور یورپی یونین کا پاکستان میں جمہوری اقدار کی عزت، قانون کی حکمرانی اور تناؤ کے ماحول میں تحمل کی ضرورت پر زور، امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور یورپی یونین نے پاکستان کیلیے ٹریول ایڈوائزری جاری کردی

امریکا اور یورپی یونین نے سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری پر ردعمل جاری کرتے ہوئے جمہوری اقدار کی عزت، قانون کی حکمرانی اور تناؤ کے ماحول میں تحمل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
دوسری جانب عمران خان کی گرفتاری کے بعد امریکا،برطانیہ،کینیڈا اور یورپی یونین نے اپنے شہریوں کے پاکستان میں سفر کرنے کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی۔
یہ بھی پڑھیے
وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی گرفتار
پی ٹی آئی کاریڈیو پاکستان پر حملہ؛ 4 جاں بحق،27 زخمی، قائد اعظم کی تصاویر بھی نذر آتش
عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے جیونیوز کے استفسار پر ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے کہاکہ سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بارے میں آگاہ ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ جیسے پہلے کہہ چکے ہیں کہ امریکا کسی ایک سیاسی امیدوار یا جماعت پر پوزیشن نہیں رکھتا، پوری دنیا میں جمہوری اقدار کی عزت اور قانون کی حکمرانی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم زوردیتے ہیں کہ عمران خان کی گرفتاری پر تمام مظاہرین پر امن طور پر اپنی شکایات کا ٓاظہار کریں جبکہ حکام بھی حقوق، جمہوری اصولوں کے مطابق تحمل سے جواب دیں۔
ادھر یورپی یونین نے عمران خان کی گرفتاری پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ مشکل اور تناؤ کے ماحول میں تحمل کی ضرورت ہے، پاکستان کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے راستے کا تعین پاکستانی عوام ہی کر سکتے ہیں۔
دریں اثنا سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد امریکا،برطانیہ،کینیڈا اور یورپی یونین نے اپنے شہریوں کے پاکستان میں سفر کرنے کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی۔
کینیڈین ہائی کمیشن نے ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ پاکستان میں غیر متوقع سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر انتہائی احتیاط برتیں، دہشت گردی،بدامنی اور اغوا کا خطرہ ہے۔
ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کینیڈین شہری علاقائی سطح پر تمام آمدو رفت اور کشمیر،بلوچستان،کے پی میں غیرضروری سفر سے گریز کریں۔
کینیڈین ہائی کمیشن کی ٹریول ایڈوائزری کے مطابق اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور اور کراچی میں سکیورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں،مغربی طرز کے ریسٹورنٹ اور شاپنگ سینٹرز میں محتاط رہیں۔
ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا کہ ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں جہاں مظاہرے اور بڑے اجتماعات ہو رہے ہوں۔اس کے علاوہ امریکا،برطانیہ اور یورپی یونین کی جانب سے اسی طرح کی ٹریول ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔