ایران جوہری پروگرام برقرار رکھنے کے لیے مزید پُرعزم، عباس عراقچی

ایران کو یورینیم افزودہ کرنے نہیں دیں گے، اسٹیو وٹکوف

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ بارہ روزہ اسرائیلی جارحیت کے بعد ایران جوہری پروگرام برقرار رکھنے کے لیے مزید پُرعزم ہو گیا ہے۔

عرب میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم نے جوہری ٹیکنالوجی حاصل کرنے کے لیے بہت محنت کی ہے، اس کے لیے ہمارے سائنس دانوں نے بے پناہ قربانیاں دیں، یہاں تک کہ اپنی جانیں بھی دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام نے اس مقصد کے لیے مشکلات برداشت کی ہیں اور اسی مسئلے پر ایران پر جنگ مسلط کی گئی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اب یہ بات یقینی ہے کہ ایران میں کوئی بھی اس ٹیکنالوجی سے دست بردار نہیں ہوگا۔

امریکی صدر کے خصوصی مندوب برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف نے کہا ہے کہ امریکا ایٹمی پروگرام پر مستقبل میں کسی بھی معاہدے کے تحت ایران کو یورینئیم افزدوہ کرنے نہیں دے گا۔

امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں اسٹیو وٹکوف نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی پہلے ہی ایران سے بات چیت میں شامل ہے۔

وٹکوف نے امید ظاہر کی کہ امریکا اور ایران کے درمیان جامع امن معاہدہ ہوجائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی حملے کا مقصد تہران کو یورینئیم کی افزودگی سے روکنا تھا اور صدر ٹرمپ کو علم تھا کہ حملہ کس وقت کرنا ہے۔

متعلقہ تحاریر