وائٹ ہاؤس کی صفائی کے اخراجات پاکستان میں 2 مکانات کی مالیت کے برابر

وائٹ ہاؤس کے قالینوں کی صفائی پر 44 ہزار ڈالرز خرچ کیے جائیں گے جو پاکستانی 70 لاکھ 40 ہزار روپے بنتے ہے۔

امریکہ میں نئے صدر کے استقبال کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ وائٹ ہاؤس میں صرف قالینوں کی صفائی پر اتنی رقم خرچ ہوگی جس سے پاکستان میں 2 مکانات خریدے جاسکتے ہیں۔

امریکہ میں روایت ہے کہ ہر نئے صدر کے اقتدار سنبھالنے سے پہلے وائٹ ہاؤس کی صفائی کرائی جاتی ہے۔ اس مرتبہ جوبائیڈن کے یہاں قدم رکھنے سے پہلے کچھ زیادہ ہی احتیاطی تدابیر اپنائی جارہی ہیں۔

امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے قالینوں کی صفائی پر 44 ہزار ڈالرز خرچ کیے جائیں گے۔ یہی رقم پاکستانی روپے میں 70 لاکھ 40 ہزار بنتی ہے۔

یہاں دو مختلف دنیاؤں کے درمیان فرق کو واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں قالینوں کی صفائی پر خرچ کی جانے والی رقم پاکستان میں بسنے والے دو خاندانوں کی زندگی بدل سکتی ہے۔ اس رقم سے کراچی میں 2 مکانات خریدے جاسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

بائیڈن کی خواتین ٹیم اور فریکچر

پاکستان میں لاکھوں افراد کے پاس سر چھپانے کے لیے چھت موجود نہیں ہے جبکہ دوسری جانب امریکی صدارتی محل میں صرف صفائی پر پیسہ پانی کی طرح بہایا جارہا ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق اس مرتبہ صفائی پر کثیررقم خرچ کرنے کی ایک وجہ کرونا وائرس بھی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اوران کا خاندان وباء کا شکار ہوچکا ہے اس لیے جوبائیڈن کی آمد سے قبل وائٹ ہاؤس کے فرنیچر سمیت کھڑکیوں، لائٹس یہاں تک کہ لفٹ کے بٹنز کو بھی ڈس انفیکٹ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں واقع وائٹ ہاؤس 132 کمروں پر مشتمل ہے۔ اس کا رقبہ 55 ہزار اسکوئر فٹ ہے۔ وائٹ ہاؤس میں سرکاری دفتر کے علاوہ امریکی صدر کی رہائش گاہ بھی ہے۔

متعلقہ تحاریر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے