ہیری اور میگھن کے انٹرویو کی کڑیاں ‘دی کراؤن’ سے مل رہی ہیں؟

شاہی خاندان نسلی امتیاز کے مسئلے کو نجی طور پر دیکھتے ہوئے حل کرے گا۔

برطانیہ کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے سابق شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے تہلکہ خیز انٹرویو کو امریکا اور برطانیہ میں تقریبا ً3 کروڑ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ میگھن کے لگائے جانے والے الزامات پر بکھنگم پیلیس نے خاموشی توڑ دی ہے لیکن سوال تو یہ ہے کہ انٹرویو شاہی خاندان کو متنازع بنانے کی کوشش ہے یا یہ نیٹ فلیکس سیریز ‘دی کراؤن’ کا سیکوئل ہے۔

برطانوی شاہی خاندان اور تخت و تاج سے دستبردار ہونے والے سابق شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے حالیہ انٹرویو نے بکھنگم پیلیس سمیت پوری دنیا میں ہنگامہ برپا کردیا ہے۔

معروف میزبان اوپرا ونفری کو دیئے گئے انٹرویو کو دنیا بھر میں ایک کروڑ 70 لاکھ افراد نے براہ راست دیکھا تھا۔ برطانیہ میں شاہی جوڑے کے انٹرویو کو ایک کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ جبکہ امریکا میں ایک کروڑ 71 لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

شاہی تخت کو چھوڑنے والی سابق امریکی اداکارہ میگھن مارکل نے 7 مارچ کے انٹرویو میں شاہی خاندان میں گزاری ہوئی زندگی کا حال سنایا۔ نسلی تعصب کے الزامات، ذہنی صحت، میڈیا اور خاندان کے دیگر افراد کے بارے میں بھی بات کی۔ جس پر اب بکھنگم پیلیس نے ردعمل ظاہر کردیا ہے ۔

بکھنگم پیلیس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شاہی خاندان کو ہیری اور میگھن کی مشکلات کے بارے میں جان کر انتہائی دکھ ہوا ہے تاہم نسلی امتیاز کے معاملے پر خاندان کو تحفظات ہیں۔

بکھنگم پیلیس کے بیان کے مطابق شاہی خاندان نسلی امتیاز کے مسئلے کو نجی طور پر دیکھتے ہوئے حل کرے گا۔ ہیری، میگھن اور ان کا بیٹا  آرچی ہمیشہ خاندان کا حصہ رہیں گے۔

دوسری جانب میگھن مارکل کے والد تھامس مارکل نے بیٹی کے موقف کی تائید نہیں کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ شاہی خاندان کا احترام کرتے ہیں اور انہیں نہیں لگتا کہ برطانوی شاہی خاندان نسل پرست ہے۔

چار روز پہلے دیئے گئے انٹرویو کے بعد دنیا بھر کے میڈیا نے اس کی خبریں شہ سرخی کے طور پر شائع کیں۔ اس قدر تہلکہ مچایا کہ اس سے یہ تاثر ابھر کر سامنے آرہا ہے کہ کہیں یہ پوری انٹریو کہانی شاہی خاندان کے نام کو خراب کرنے یا متنازع کرنے کی کوئی سازش تو نہیں جس کا تعلق نیٹ فلیکس کی مشہور سیریز ‘دی کراؤن’ سے ہے۔

یہ بھی پڑھیے

میگھن اور ہیری کا انٹرویو یا ساس بہو کی روایتی لڑائی؟

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس کی دی کراؤن نامی سیریز کے چوتھے سیزن میں لیڈی ڈیانا کی محل میں گزاری گئی زندگی اور ان کے شوہر شہزادہ چارلس کے ساتھ تعلقات کو موضوع بحث بنایا گیا ہے۔ کراؤن سیریز میں شاہی خاندان کے متعلق بھی کئی ایسی باتیں کی گئی ہیں جو ان کے خلاف جاتی ہیں جبکہ ہیری اور میگھن کے حالیہ انٹرویو میں بھی متعدد مرتبہ لیڈی ڈیانا کا نام لیا گیا ہے۔  یہ تمام کڑیاں ایک دوسرے سے اس انداز میں ملتی نظر آ رہی ہیں کہ لگا رہا ہے کہ یہ حالات دراصل دی کراؤن سیریز کا کوئی حصہ ہے۔

متعلقہ تحاریر