اٹلی میں 18 سالہ لڑکی کا غیرت کے نام پر قتل؟

گمشدہ ثمن عباس کو پولیس مختلف مقامات پر تلاش کررہی ہے۔

اٹلی میں لاپتہ ہونے والی 18 سالہ ثمن عباس کو غیرت کے نام پر قتل کیے جانے کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔ اٹلی میں موجود پاکستانی صحافی عالیہ صلاح الدین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی کے مبینہ قتل سے متعلق تفصیلات بیان کردیں ہیں۔

بیرون ملک مقیم پاکستانی خاندانوں کی جانب سے اپنی بیٹیوں کی زبردستی پاکستان میں شادی کرانا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ حالیہ واقعہ اٹلی میں پیش آیا ہے جہاں 18 سالہ لڑکی ثمن عباس کو مبینہ طور پر قتل کیے جانے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ایک ماہ قبل گمشدہ ہونے والی ثمن کو ان کے گھر والوں نے قتل کردیا ہے تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق ثمن عباس کو آبپاشی کی نہروں، کنووں اور کھیتوں میں تلاش کیا جارہا ہے۔

ثمن عباس اٹلی کے شمالی علاقے نوویلارا میں اپنے خاندان کے ہمراہ رہائش پذیر تھیں۔ گذشتہ برس ثمن پر خاندان کی جانب سے پاکستان میں موجود کزن سے شادی کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا تھا لیکن ثمن فیصلے کے خلاف بغاوت کرتے اور بیلجیئم چلی گئیں تھیں۔ جس کے بعد ثمن عباس نے والدین کے خلاف رپورٹ درج کرائی تھی اور اٹلی میں سماجی کارکنان سے مدد کی اپیل کی تھی جنہوں نے ثمن کو ایک شیلٹر ہوم میں پناہ دی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

اٹلی میں ایک ڈالر کا گھر خریدیں

11 اپریل کو ثمن دوبارہ اپنے والدین کے پاس واپس چلی گئیں تھیں۔ پولیس کو معاملے کی سنگینی کا اس وقت اندازہ ہوا جب ثمن کے والدین ان کے بغیر پاکستان روانہ ہوگئے۔ سکیورٹی کیمرے سے نکالی جانے والی چند تصاویر نے پولیس کو مزید شک میں مبتلا کردیا ہے۔

اٹلی میں موجود پاکستانی صحافی عالیہ صلاح الدین نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ 29 اپریل کو ویڈیو میں 5 افراد کو ثمن کے گھر سے بیلچے اور ٹوکریوں کے ساتھ جاتے ہوئے دیکھا گیا جو کہ ڈھائی گھنٹے بعد واپس آئے۔ پولیس نے ان تمام افراد کو خاندان کے ارکان کے طور پر پہچان کر شبہ میں گرفتار کرلیا ہے۔

ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ کسی پاکستانی لڑکی کے اٹلی میں غیرت کے نام پر قتل کیے جانے کی خبریں سامنے آئی ہوں۔ سال 2018 میں پاکستانی نژاد اطالوی خاتون ثناء چیمہ کو خاندان کے مردوں کی جانب سے گلا گھونٹ کر قتل کرنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

سال 2006 میں اٹلی میں حنا سلیم کو ان کے والد نے غیرت کے نام پر قتل کیا تھا۔

متعلقہ تحاریر