نینسی پیلوسی کی تائیوان آمد پر چائنا اور امریکا میں کشیدگی عروج پر پہنچ گئی
بیجنگ کی مخالفت کے با وجود نینسی پیلوسی تائیوان پہنچی اورپارلیمنٹ سے خطاب میں آزاد ملک قرار دے ڈالا، چائنا نے فوج کو تیار رہنے کا حکم دے دیا

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی بیجنگ کی مخالفت کے با وجود تائیوان پہنچ گئیں۔ امریکاکی جانب سے 25 سال بعد کوئی اعلیٰ ترین حکومتی عہدیدار نے تائیوان کا دورہ کیا ہے جبکہ دوسری جانب چائنا نے بیجنگ میں امریکی سفیر کو طلب کرکے سخت احتجاج ریکارڈ کروایا ۔
نینسی پیلوسی امریکی ایئرفورس کے طیارے میں تائی پے پہنچیں توایئرپورٹ پر تائیوان کے وزیر خارجہ اور دیگراعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ عوامی سطح پر بھی ان کو خوش آمدید کہا جارہا ہے ۔
یہ بھی پڑھیے
نینسی پلوسی کاممکنہ دورہ تائیوان، چائنہ کی امریکا کو سخت دھمکی
تائیوان کی پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکرپیلوسی نے تائیوان کو خودمختار اور دنیا کے آزاد ملکوں میں سے ایک قرار دیتےہوئے اظہار یکجہتی کیا اور بین الپارلیمانی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

نینسی پیلوسی نے صدر تسائی انگ وین کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کے آزاد ترین معاشروں میں سے ایک ہونے پر تائیوان کی تعریف کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئی امریکی قانون سازی جس کا مقصد امریکی چپس کی صنعت کو چین کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لیے مضبوط بنانا ہے۔ امریکی تائیوان اقتصادی تعاون کے لیے زیادہ مواقع فراہم کرتا ہے۔
دوسری جانب اس دورے نے چین اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کو بڑھا دیا ہے کیونکہ چین تائیوان کو اپنی سرزمین کا حصہ ہونے کا دعویٰ کرتا ہے ۔چین نے نینسی پیلوسی کےدورے پر سخت ردعمل دیا۔
چین نے بیجنگ میں موجود امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ تھمایا ۔ چائنا کی جانب سے متعدد زرعی آلات کی در آمدات کو بھی معطل کرنے کا علان کیا جبکہ تائیوان کو قدرتی ریت کی برآمد معطل کردی۔
نیسی پیلوسی کی تائیوان آمد پر چائنا نے فوجی مشقیں اور روایتی میزائل کے تجربات بھی شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اگر واشنگٹن اپنی روش سے باز نہ آیا تو تمام تر ذمہ داری امریکہ پر ہوگی۔
واضح رہے کہ چائنہ،تائیوان کواپنا حصہ قرار دیتا ہے۔ تائیوان اور چین 1940میں تقسیم ہو گئے تھےتاہم چین، تائیوان کو اپنا صوبہ قرار دیتا ہےجبکہ تائیوان خود کو ایک آزاد و خود مختار ریاست کے طور پر پیش کرتا ہے۔
دنیا کے بیش تر ممالک چین کا مؤقف تسلیم کرتے ہیں جبکہ امریکا سمیت 15 ممالک تائیوان کی آزاد حیثیت کے بھی حامی ہیں اور یہی معاملہ چین اور امریکا کے درمیان تنازعے کا سبب بھی ہے۔









