امیروں کو لوٹ کر غریبوں میں بانٹنے والا بھارتی رابن ہڈ گرفتار

27 سالہ ملزم وسیم اکرم عرف لمبا پوش علاقوں کے گھروں کو لوٹتا تھا، کچھ رقم اور زیورات غریبوں میں تقسیم کردیتا تھا، مستفید ہونے والے افراد اسے پولیس سے چوکنا رکھتے تھے، دہلی پولیس

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پولیس نے امیروں کو لوٹ کر غریبوں میں بانٹنے والے ” بھارتی رابن ہڈ “ کو گرفتا ر کرلیا۔

دہلی پولیس کے مطابق 27 سالہ وسیم اکرم عرف لمبو 25 رکنی گینگ کا سرغنہ تھا جو پوش علاقوں میں واقعے بڑے گھروں سے نقدی اور زیورات لوٹتا تھا اور لوٹ کا کچھ مال غریبوں میں بھی تقسیم کرتا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

بلقیس بانو ریپ، قتل کیس کے11 سزا یافتہ مجرموں کو حکومتی معافی مل گئی

طلاقِ حسن تین طلاقوں کی طرح غلط نہیں ہے، بھارتی سپریم کورٹ

پولیس کے مطابق اس  خاصیت کی وجہ سے اس کے علاقے میں اس کے بہت سے پیروکار تھے جو اسے پولیس کی نقل و حرکت کے بارے میں بروقت معلومات فراہم کرتے تھے جس کی مدد سے وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتا تھا۔

 دہلی پولیس کے مطابق ملزم وسیم اکرم عرف لمبا بدنام ہسٹری شیٹر تھا  جس کیخلاف اقدام قتل،عصمت دری اور ڈکیتیوں سمیت مختلف جرائم کے 160 سے زائد مقدمات درج تھے ،ملزم زیادہ عرصے ایک جگہ قیام نہیں کرتا تھا اور جلدی جلدی اپنے ٹھکانے بدلتا رہتا تھا۔ پولیس کا ایک خصوصی سیل چار ماہ سے ملزم کے گینگ کے تعاقب میں تھاجسے بالآخر گزشتہ جمعے کو کامیابی حاصل ہوگئی۔

 دہلی پولیس کے مطابق انسپکٹر شیوکمار کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی  جس نے آنند وہار ریلوے اسٹیشن کے قریب ناکہ بندی کرکے ملزم وسیم اکرم کو گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے ایک عدد پستول مع 3 گولیاں برآمد ہوئی ہے۔

متعلقہ تحاریر