جنگ گروپ کے ملازمین کا جبری برطرفیوں کے خلاف احتجاج
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ روزنامہ عوام سمیت ڈیلی نیوز، اور دی نیوز کے ملازمین کو واجبات ادا کیے جائیں۔
پاکستان میں زرائع ابلاغ کے سب سے بڑے ادارے ’جنگ گروپ‘ کے ملازمین نے جبری برطرفیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ کراچی میں جنگ گروپ کے موجودہ اور سابق ملازمین نے ریلی کی صورت میں کراچی پریس کلب سے جنگ کے دفتر تک مارچ کی تھی۔
جنگ گروپ کے خلاف احتجاج میں صحافتی تنظیم کے یو جے (کراچی یونیون آف جرنلسٹ) کے عہدیدران سمیت جیو نیوز کراچی کے بیوروچیف فہیم صدیقی اور کراچی پریس کلب کے سابق صدر امتیاز خان فاران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر جنگ اور جیو نیوز کے دفتر کے باہر پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔
برطرف ملازمین نے ریلی کے دوران جیو اور جنگ گروپ کے مالک میرشکیل الرحمٰن کے خلاف دفتر کے سامنے احتجاج کیا ہے۔ اس موقع پر ملازمین نے کہا کہ ’ہم جنگ، عوام اور دی نیوز کے ملازمین کو فارغ کرنے کی کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر اشتہارات شائع کیے جارہے ہیں۔ عوام اخبار کے ملازمین کو فارغ کرنا سراسر زیادتی ہے۔‘
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ روزنامہ عوام سمیت ڈیلی نیوز، اور دی نیوز کے ملازمین کو واجبات ادا کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ’جب جنگ اور جیو پر برا وقت آیا تب ان ہی ملازمین نے مشکل وقت میں ساتھ دیا۔ جب میر شکیل الرحمٰن کا اچھا وقت ہوتا ہے تو وہ ملازمین کے ساتھ برا سلوک کرتے ہیں۔‘
یہ بھی پڑھیے
جنگ گروپ کے برطرف ملازم اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے
ریلی کے دوران مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن مردہ باد، میر ابراہیم رحمٰن مردہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ احتجاج میں روزنامہ جنگ کراچی کی یونین کے سربراہ شکیل یامین کانگا بھی شریک تھے جنہوں نے کہا کہ ’میر شکیل الرحمٰن جب آپ گرفتار تھے تو آپ کی رہائی کے لیے ملازمین جدوجہد کرتے تھے۔ آپ کو ملازمین کی پریشانیاں سمجھنی چاہئیں لیکن انہیں فارغ کردیا۔‘
کراچی یونین آف جرنلسٹ (کے یو جے) برنا کے رہنما اور جیو نیوز کے کراچی کے بیورو چیف فہیم صدیقی نے میر شکیل الرحمٰن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے 30 لاکھ روپے تنخواہ پر ڈائریکٹرز رکھے ہیں۔ آپ کی آزادی کے لیے ملازمین نے جدوجہد کی۔ اب بھی وقت ہے ملازمین کے مطالبات پورے کریں۔‘
انہوں نے میر شکیل الرحمٰن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’روزنامہ عوام اور ڈیلی نیوز سمیت دیگر اخبارات کی ڈمی کاپی چھاپ کر ابھی بھی آپ کروڑوں روپے کے اشتہار لے رہے ہیں۔ ہم ملازمین نے آپ کے لیے دعا کی اس لیے اللہ نے آپ کو نوازا ہے۔ صحافیوں نے ہر دور میں تحریک چلائی اور کامیابی حاصل کی۔‘
یہ بھی پڑھیے
جنگ گروپ کے انگریزی اخبار اور نیوز چینل کی غلطیوں پر عوامی تنقید
ملازمین نے جنگ گروپ کے مالک سے مطالبہ کیا کہ برطرف ملازمین کو بحال کیا جائے اور تنخواہ جاری کی جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔