چوہدری نثار نئے وزیراعلیٰ پنجاب ہوں گے؟

پنجاب اسمبلی کا اجلاس 24 مئی کو طلب کیا گیا ہے جہاں چوہدری نثار رکن صوبائی اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔

پاکستان کی سیاست میں ایک مرتبہ پھر سے تبدیلی کی لہر آچکی ہے۔ 2018 میں رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے کے بعد سے حلف نہ اٹھانے والے چوہدری نثار جلد ہی پنجاب اسمبلی میں نظر آئیں گے۔ نیوز 360 کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار کو ممکنہ طور پر نیا وزیراعلیٰ پنجاب بنایا جائے گا۔

25 جولائی 2018 کے عام انتخابات میں رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنما چوہدری نثار نے تاحال اپنے عہدے کا حلف نہیں اٹھایا ہے تاہم اطلاعات ہیں کہ وہ 24 مئی کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ پاکستان کی سیاست میں اس وقت چوہدری نثار سے متعلق ہی خبریں زیربحث ہیں اور نیوز 360 کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر وہ ہی نئے وزیراعلیٰ پنجاب بنیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

غیرمنتخب وزیر اور مشیران حکومت کے لیے درد سر

ذرائع کے مطابق آئندہ صوبائی بجٹ کی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے لیے کڑا امتحان ثابت ہوگی اور چوہدری نثار کا حلف اٹھانے کا فیصلہ بے معنی نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا تو چوہدری نثار وزارت اعلیٰ کے تگڑے امیدوار ہوں گے۔ نئے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری نثار سے متعلق حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا جہانگیر ترین ہم خیال گروپ، (ق) لیگ اور مسلم لیگ (ن) کے چند اراکین نے رضامندی ظاہر کردی ہے۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج سے شروع ہورہا ہے اور 24 مئی کو چوہدری نثار رکن صوبائی اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ بعدازاں انہیں ممکنہ طور پر وزیراعلیٰ پنجاب بھی بنایا جائے گا۔

پنجاب اسمبلی
دنیا نیوز

عام انتخابات 2018 میں چوہدری نثار نے آزاد حیثیت 4 نشستوں پر حصہ لیا جس میں 2 نشستیں قومی اسمبلی اور 2 پنجاب اسمبلی کی شامل تھیں۔ چوہدری نثار کو قومی اسمبلی کی 2 نشستوں این اے 59 اور این اے 63 سے اور صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 12 سے شکست کا سامنا ہوا تھا تاہم صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 10 سے انہوں نے کامیابی حاصل کی تھی۔

2018 میں پنجاب اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہونے کے باوجود چوہدری نثار نے صوبائی اسمبلی میں نہ تو حلف اُٹھایا تھا اور نہ ہی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب کے لیے پولنگ کے عمل میں شرکت کی تھی۔ 2018 سے ہی چوہدری نثار سیاست سے دور ہیں۔ انہوں نے مئی 2019 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اپنی 35 سالہ وابستگی کے بعد پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

چوہدری نثار کی مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے زیادہ قربت نہیں رہی لیکن ان کے پارٹی صدر شہباز شریف سے اچھے تعلقات تھے۔ اب چوہدری نثار کے حلف اٹھانے اور ممکنہ طور پر نئے وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کی خبریں اس وقت سامنے آرہی ہیں جب شہباز شریف جیل سے رہا ہوچکے ہیں۔

متعلقہ تحاریر