پولیس میں شکایت کرنے پر وڈیرے نے کسان کو کتا بنا دیا

وڈیرے نے کسان کے گلے میں کتے کا پٹہ ڈال کر گھسیٹا اور کتے کے کھانے والے برتن میں پانی پلایا۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر ساہیوال میں غریب کسان کا پولیس کو وڈیروں کے خلاف درخواست دینا مہنگا پڑ گیا۔ وڈیروں نے کسان کے گلے میں کتے کا پٹہ ڈال کر کتے کے کھانے والے برتن میں پانی پلایا۔

ساہیوال کے نواحی گاؤں 43 فور ایل میں ظالم وڈیروں نے ظلم کی انتہا کردی ہے۔ بیٹی کو چھیڑنے پر غریب کسان غلام رسول نے پولیس کو وڈیرے زمان مدھول کے خلاف درخواست دی تھی۔ جس کے بعد وڈیرے نے غریب مزدور کو اسلحے کے زور پر اغوا کیا اور گلے میں کتے کا پٹہ ڈال کر  کتے کے کھانے والے برتن میں پانی پینے پر مجبور کیا۔

یہ بھی پڑھیے

سیاسی جماعتیں بمقابلہ ٹی وی چینلز نتیجہ تشدد

پاکستان میں اس نوعیت کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں جہاں کسی وڈیرے نے غریب آدمی پر تشدد کیا ہو۔ البتہ اِس بار وڈیرے کو یہ بات بری لگی کہ غریب نے اپنی بیٹی کو تنگ کرنے کی شکایت پولیس کو کیوں کی۔

پولیس نے کسان کو تشدد اور بربریت کا نشانہ بنانے والے وڈیرے کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان سے جاگیردارانہ یا وڈیرانہ نظام کا خاتمہ کیا جائے کیونکہ جب تک یہ نظام موجود رہے گا اس طرح کے واقعات پیش آتے رہیں گے۔

متعلقہ تحاریر