پاکستان کی پہلی ایئر ایمبولینس سروس پنجاب میں اڑے گی

عثمان بزدار کے مطابق نئی ریسکیو سروس کے آغاز سے امدادی کارروائیوں کو نئی جہت ملے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں ریسکیو ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کی منظوری دیتے ہوئے اس حوالے سے تمام معاملات جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں ریسکیو ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور ڈی جی ریسکیو سروسز اکیڈمی پنجاب نے شرکت کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

افغان طالبان کا ٹی ٹی پی کو انتباہ

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ "ریسکیو ایئر ایمبولینس کے آغاز سے ریسکیو سروسز کو نئی شناخت ملے گی، جبکہ پنجاب خطے میں ریسکیو ائیر ایمبولینس سروس شروع کرنے والا پہلا صوبہ ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ریسکیو ایئر ایمبولینس سروس سے دور دراز علاقوں تک ریسکیو کا دائرہ کار وسیع ہو گا۔ ریسکیو ایئر ایمبولینس سروس کا اجراء وقت کا تقاضہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی ریسکیو 1122 سروسز کی خدمات کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ریسکیو ایئر ایمبولینس کے اجراء کے لئے فوری طور پر  ضروری اقدامات  اٹھائے جائیں۔ ہر انسانی جان قیمتی ہے اور بروقت علاج معالجہ ہر فرد کا بنیادی حق ہے۔ پنجاب میں ریسکیو سروسز کی بہتری کے لیے تاریخی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ عبدالستار ایدھی فاؤنڈیشن کے تحت چلنے والی پاکستان کی اب تک کی واحد فضائی ایمبو لینس سروس ہے جو ملک میں کہیں بھی ہنگامی حالات اور دور دراز کے علاقوں تک فوری رسائی رکھتی ہے۔ فاؤنڈیشن کے پاس ایئر ایمبولینس سروس کے لیے ایک ہیلی کاپٹر اور دو چھوٹے طیارے موجود ہیں۔

متعلقہ تحاریر