ماں جی اسکالر شپس کے تحت اب کوئی طالب علم تعلیم سے محروم نہیں رہے گا، این ای ڈی یونیورسٹی
این ای ڈی میں میرٹ پر داخلہ لینے والے اب کسی طالب علم کو معاشی پریشانی کا سامنا نہیں ہوگا، سید مراد علی شاہ، پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی، انجینئر سہیل بشیر اور آفتاب رضوی کا طالب علموں سے خطاب
کراچی: ماں جی اسکالر شپس کے ذریعے، این ای ڈی میں میرٹ پر داخلہ ملنے پر، اب کو ئی طالب علم تعلیم سے محروم نہیں رہے گا، آفتاب رضوی نے ایک بیج بویا جو ساڑھے سات کروڑ اکٹھا کرکے ایک تناور درخت بن چکا ہے، آئندہ اس درخت کی آبیاری آپ کے ہاتھ ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت دیگر مقررین نے کیا۔ جامعہ این ای ڈی کے شعبہ اسٹوڈنٹ افیئرز کے تعاون سے 105 ضرورت مند طالب علموں کو ماں جی اسکالر شپس تقسیم کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیے
پی ٹی آئی رہنما سیلاب متاثرین کے کمبل کی فروخت کا معاملہ سامنے لے آئیں
کیماڑی میں فیکٹریوں کی زہریلی گیس 19 زندگیاں نگل گئی، 50بچوں کی حالت تشویشناک
27 جنوری کو منعقدہ تقریب کے مہمانِ خصوصی این ای ڈی کے المنائی اور ماں جی اینڈومنٹ فنڈ کے روح رواں آفتاب رضوی تھے اور صدارت شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کی ، جبکہ 28 جنوری کو منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ تھے۔
اس موقعے پر استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان کے چیئرمین سہیل بشیر کا کہنا تھا کہ آج 105 کو اسکالر شپس دی ہیں آئندہ ہزار طالب علموں کو اسکالر شپس دینے کا ارادہ ہے۔
انہوں نے این ای ڈی کے المنائی اشرف حبیب اللہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج آپ کو اسکالر شپس دی جارہی ہیں کل آپ کو دوسرے طالب علموں کی مدد کرنی ہے۔
اینڈومنٹ فنڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کہنا تھا کہ سندھ حکومت تعلیم دوستی کی ذمے داری کو نبھاتی رہے گی۔ فیسوں کی مد میں 28 فیصد طالب علم ادا کرتے ہیں جب کہ 72 فیصد جامعہ خود ادا کرتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ماں جی اسکالر شپس کے ذریعے، این ای ڈی میں میرٹ پرداخلہ ملنے پر، اب کوئی طالب علم تعلیم سے محروم نہیں رہے گا، یہ قابل تحسین و دادعزم ہے۔ اس موقعے پر انھوں نے بیس ملین کی گرانٹ کا اعلان کیا۔
اینڈومنٹ فنڈ سے متعلقہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی کا کہنا تھا کہ وفاقی ، صوبائی حکومتوں سمیت این ای ڈی المنائی کا ممنون ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ آفتاب رضوی اور ان کی اہلیہ نے ایک بیج بویا جو ساڑھے سات کروڑ اکٹھا کرکے ایک تناور درخت بن چکا ہے۔ آئندہ اس درخت کی آبیاری آپ طالب علموں کے ہاتھ ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آفتاب رضوی کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت بہت سارے طالب علموں کو معاشی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، لیکن ان مسائل کو اپنے مقصد کی راہ میں حائل نہ ہونے دیں۔ اسی لیے میں نے سوچا کہ معاشرے کو ذمے دار انسان فراہم کرنے والی ماؤں کے نام ایک اسکالر شپ پروگرام تشکیل دیا جائے۔
انہوں نے طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کا گُر اپنی ماؤں کی عزت کرنے میں ہے۔
جامعہ ترجمان فروا حسن کے مطابق 27 جنوری کو منعقدہ اس تقریب میں جامعہ این ڈی کے ضرورت مند طالب علموں کو ناصرف اسکالر شپس سے نوازا گیا بلکہ شیخ الجامعہ سمیت تمام معززین نے اپنی غربت سے کامیابی کی کہانیاں، طالب علموں کو سنا کر ہمت و حوصلے کے بل پراستقامت سے ڈٹ جانے کا درس دیا۔









