سجاد علی نے بہن ہونے کی دعویدار لاہور کی خاتون کو جھوٹا قرار دیدیا

نہ وہ عورت میری بہن ہے، نہ کزن اور نہ ہی دور کی رشتے دار ہے، بیوقوفوں نے بچپن کی تصویر میں جس عورت کو میری بہن دکھایا ہے وہ میری بیوی ہے، گلوکار کا وضاحتی بیان

پاکستان  کے معروف گلوکار سجاد علی نےسوشل میڈیا پر وائرل وڈیو میں موجود خاتون اپنی بہن تسلیم کردیا اور خاتون کے دعوے کو جھوٹ قرار دے دیا۔

سجاد علی نے اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر باضابطہ وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے وائرل وڈیو میں موجود خاتون کے دعوے کو مسترد کردیا۔

یہ بھی پڑھیے

سجاد علی کی دلچسپ انداز میں اہلیہ کو شادی کی سالگرہ کی مبارکباد

سجاد علی کے گانے ماہیوال کااینی میٹڈورژن مداحوں کی توجہ حاصل نہ کرسکا

سجاد علی نے کہاکہ  ”میری ایک جعلی بہن کی جعلی خبر آرہی ہے، کچھ عرصے قبل کسی نے میری ایک  جعلی شادی کروا دی تھی جس کی وجہ سے میرے بیوی بچے ناراض ہوگئے تھے کہ ہمیں شادی میں کیوں نہیں بلایا؟،اس کے بعدایک صاحب نے اندرون لاہور میں میراگھر بنادیا اور کہا کہ وہ اب ڈیفنس منتقل ہوگئے ہیں“۔

انہوں نے کہا کہ”اب جعلی بہن اور جھوٹی کہانی بنائی گئی ہے جس کے کیپشن میں لکھا کہ ارب پتی گلوکار سجاد علی کی بہن بھیک مانگنے پر مجبور ہیں اور مزیدار بات یہ ہے کہ اس خاتون کو میری بہن ثابت کرنے کیلیے ہماری بچپن کی ایک تصویر لگاکر اسکے گرد دائرہ بنادیالیکن وہ بیوقوف بھول گئے کہ وہ بچپن کی تصویر میری بیوی کی ہے “۔

سجاد علی کا کہنا تھاکہ اس طرح کی ویڈیوز شہرت، پیسے اور دوسروں کی عزت خراب کرنے کیلئے بنائی جاتی ہیں، نہ وہ عورت میری بہن ہے، نہ کزن اور نہ ہی دور کی رشتے دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ان کے خلاف قانونی کارروائی کرسکتا ہوں لیکن وہ غریب عورت ہے جو لوگوں کے کہنے پر کچھ بھی کہنا شروع ہو جاتی ہے، اگر کوئی مدد چاہیے تھی تو مجھے براہ راست کہہ دیتے تو میں کچھ نہ کچھ مدد کر ہی لیتا، اتنا ڈرامہ کرنے کی ضرورت نہیں تھی، مجھے لگتا ہے کہ اس سب کے پیچھے کوئی لوگ ہیں جو اس خاتون کو اکسا رہے ہیں۔

گلوکار نے مزید کہا کہ اس طرح کی مضحکہ خیز خبروں پر کچھ لوگ یقین کرلیتے ہیں اور پھر تبصرے بھی کرلیتے ہیں، حیرت اور افسوس اس بات پر ہے لوگ اس طرح کی چیزوں  کو بغیر کسی تصدیق کے شیئر کردیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ 43 سال سے پاکستان کی خدمت کر رہا ہوں، میری عزت اس طرح کی جھوٹی خبروں سے داغ دار نہیں ہوسکتی۔

متعلقہ تحاریر