پنجاب اور کےپی کے انتخابات: ای سی پی اجلاس بےنتیجہ ختم
الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار ہمارے پاس نہیں ، آئینی بحران پر اعلیٰ عدلیہ سے رہنمائی لی جائے گی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اجلاس بےنتیجہ ختم ہو گیا ہے، الیکشن کی تاریخ دینا کمیشن کے اختیار میں نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن کے بےنتیجہ اجلاس پر ردعمل دیتے ہوئے رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اور گورنر کے اجلاسوں میں سوائے وقت ضائع کرنے اور کچھ نہیں ہوا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت تقریباً 2 گھنٹے تک جاری رہا۔
الیکشن کمیشن کے مشاورتی اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
پنجاب میں انتخابات کا شیڈول جاری نہ کرنے پر ای سی پی سے جواب طلب
الیکشن کمیشن کے باہر ہنگامہ آرائی کیس: عمران خان کی ضمانت منسوخ
الیکشن کمیشن نے موجودہ آئینی بحران پر اعلیٰ عدلیہ سے رہنمائی لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن اجلاس کا اعلامیہ باقاعدہ جاری کیا جائے گا۔
لاہور ہائیکورٹ کی ہدایت
یاد رہے کہ آج لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب میں عام انتخابات کے شیڈول کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو رپورٹ جمع کروانے کی ہدایات جاری کی تھی ، چند روز قبل عدالت نے ای سی پی کو 90 روز میں پنجاب میں انتخابات کروانے کا حکم دیا تھا۔
دوران سماعت لاہورہائی کورٹ کے جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دیئے کہ عدالت نے اپنا کام کردیا ہے، اب عدالت انتظار کررہی ہے وہ کیا کر رہے ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن پاکستان نے ایک پریس ریلیز جاری کی ہے کہ گورنر پنجاب نے تاریخ دینے سے انکار کیا ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن کے بےنتیجہ اجلاس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "حسب توقع الیکشن کمیشن اور گورنر کے اجلاس میں صرف وقت ضائع کیا گیا، پاکستان کے آئین اور ہائیکورٹ کے احکامات کو مذاق بنا دیا گیا ہے۔”
حسب توقع الیکشن کمیشن اورگورنر کے اجلاس میں صرف وقت ضائع کیا گیا،پاکستان کے آئین اور ہائیکورٹ کے احکامات کو مذاق بنا دیا گیا ہے آئین کو ردی کتاب کی طرح لیا جا رہا ہے،عوام کی رائے کی کوئ حیثیت ہے نہ اوقات اگر آئین کی بحالی کیلئےعوام سڑکوں پر نہ نکلے تو پاکستان نو آبادی بن جائیگا
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) February 14, 2023
رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے مزید لکھا ہے کہ "آئین کو ردی کتاب کی طرح لیا جا رہا ہے، عوام کی رائے کی کوئی حیثیت ہے ، نہ اوقات ، اگر آئین کی بحالی کیلئےعوام سڑکوں پر نہ نکلے تو پاکستان نو آبادی بن جائیگا۔”









