پی ایس ایل 8: اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری شکست
ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 52 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے 7ویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 52 رنز سے شکست دے کر میگا ایونٹ میں تیسری فتح اپنے نام کرلی ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ساری ٹیم 17.5 اوورز میں 138 رنز بنا کو آؤٹ ہو گئی۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیے
مارٹن گپٹل کے 117 رنز نے کراچی کنگز کو مسلسل تیسری شکست سے دوچار کردیا
کراچی میں دہشتگردوں کے حملے کے بعد چیئرمین پی سی بی کا متنازعہ ٹوئٹ
ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں محمد رضوان اور ڈیوڈ ملر کی ففٹیز کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز اسکور کیے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے شان مسعود اور رائلی روسو نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شان مسعود تین رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ، کپتان محمد رضوان اور رائلی روسو نے 91 رنز کی پارٹنرشپ قائم کرکے ٹیم کو مستحکم پوزیشن فراہم کی ، محمد رضوان نے 38 گیندوں کا سامنا اور 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ رائلی روسو نے 30 گیندوں پر 36 رنز بنائے۔
چوتھی وکٹ کی شراکت میں ڈیوڈ ملر اور کیرون پولارڈ نے 78 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم ملر 52 رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں پولارڈ 32 جبکہ خوشدل شاہ 3 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹام کرن، فہیم اشرف، شاداب خان اور رومان رئیس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز کوئی زیادہ اچھا نہیں رہا ، پال اسٹرلنگ 5، حسن نواز 21، کولن منرو 31 جبکہ کپتان شاداب خان ایک رن بناکر اپنی اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے۔
شاداب خان ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اعظم خان 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ فہیم اشرف 4 رنز بنا کر اپنی وکٹ گنواں بیٹھے جبکہ محمد وسیم بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوگئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے سب سے کامیاب باؤلر عباس آفریدی رہے جنہوں نے 22 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
محمد الیاس ، احسان اللہ اور اسامہ میر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔









