عالیہ بھٹ کی نجی تصاویر وائرل کرنے پر بالی ووڈ کا شدید ردعمل
انوشکا شرما اور جھانوی کپور نے اپنے تلخ تجربات بھی شیئر کردیے،کرن جوہر، ارجن کپور اور سوارا بھاسکر نے اس واقعے کو ’شرمناک‘ قراردیدیا
بھارتی میڈیا پورٹل کی جانب سے بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی زندگی میں مداخلت پر بالی ووڈ نے سوشل میڈیا پر شدیدبرہمی اور صدمے کااظہار کیا ہے۔
میڈیاپورٹل کے کیمرا مین نے زوم لینس عالیہ بھٹ کی رہائشگاہ سے متصل عمارت سے ان کی نجی زندگی کی تصاویر لے کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی تھیں جس پراداکارہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
راکھی ساونت کی نماز پڑھنے کی وڈیو وائرل، ناقدین کی نیل پالش لگانے پر تنقید
پٹھان نے دنیا بھرمیں 1000 کروڑ، بھارت میں500 کروڑ کا سنگ میل عبور کرلیا
عالیہ بھٹ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ”میں ایک نارمل دوپہر کے وقت اپنے گھر کے لیونگ روم میں بیٹھی ہوئی تھی کہ مجھے محسوس ہوا کہ مجھے کوئی دیکھ رہا ہے میں نے اوپر دیکھا تو سامنے والی عمارت پر دو کیمرامین اپنے کیمرے لیے میری تصاویر بنا رہے تھے“۔
انہوں نے لکھا کہ” کس معاشرے میں آپ کو اس بات کی اجازت ہوتی ہے؟ یہ براہ راست کسی انسان کی نجی زندگی میں مداخلت ہے، ایک لکیر ہوتی ہے جسے آپ عبور نہیں کر سکتے لیکن یہاں تو ساری لکیریں عبور کر لو پھر بھی آپ محفوظ رہتے ہیں“۔
اداکارہ کی جانب سے غم و غصے کے اظہار پر ممبئی پولیس نے انہیں میڈیا پورٹل کیخلاف شکایت درج کرانے کا مشورہ دیدیا جس پر اداکارہ نے پولیس کو آگاہ کیا ہے کہ وہ معاملے کے حل کیلیے میڈیا پورٹل سے رابطے میں ہیں۔
دریں اثنا عالیہ بھٹ کی ذاتی زندگی میں مداخلت کیے جانے پر ساتھی اداکاروں انوشکا شرما اور جھانوی کپور نے میڈیا پورٹل کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسی نوعیت کے اپنے تلخ تجربات بھی شیئر کیے ہیں ۔
انوشکا شرما نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ کس طرح اسی میڈیا پورٹل نے ان کی بیٹی وامیکا کی تصاویر لینے کیلیے ایسی ہی حرکت کی تھی۔اداکارہ نے میڈیا پورٹل کے اس عمل کو شرمناک قرار دیدیا ۔
جھانوی کپور نے بتایا کہ وہ جم میں شیشے کے پیچھے ورزش میں مصروف تھیں تو ان کی بھی اسی طرح کی تصاویر وائرل کی گئی تھیں۔جھانوی کپور نے میڈیا پورٹل کے اس عمل کو قابل نفرت دخل اندازی قرار دیدیا۔
ارجن کپور نے اس واقعے کو تعاقب کرنے کے مترادف قرار دے دیا۔ انہوں نے اپنے انسٹاگرام اسٹوریز پر لکھاکہ ’’ بالکل بے شرمی ہے، یہ تمام حدیں پار کر رہا ہے، اگر کوئی عورت اپنے گھر میں خود کو محفوظ محسوس نہیں کر رہی ہے تو یہ بھول جائے کہ وہ عوامی شخصیت ہے یا نہیں ،ایک لمحے کے لیے بھی کوئی سمجھدار آدمی جو زندگی گزارنے کے لیے عوامی شخصیات کی تصویریں کھینچتا ہے اسے جاننا چاہیے کہ یہ گھٹیاطرز عمل ہے“۔
انہوں نے کہاکہ”یہ میڈیا کے وہ لوگ ہیں جن پر ہم نے بھروسہ کیا ہے اور اس یقین پر اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ وہ یہاں خواتین کو غیر محفوظ محسوس کرانے یا ان کی رازداری میں مداخلت کیلیے نہیں بلکہ اپنا کام کرنے آئے ہیں “۔انہوں ممبئی پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ”یہ کسی طور بھی تعاقب کرنے سے کم نہیں ہے“۔کرن جوہر، اور سوارا بھاسکر نے بھی اس واقعے کو ’شرمناک‘ قراردیدیا ہے۔