تمام تر رکاوٹوں کے باوجود پاکستان تحریک انصاف نے این اے 193 راجن پور کا میدان مارلیا

این اے 193 راجن پور ون  کی نشست پی ٹی آئی کے رہنما سردار جعفر خان لغاری کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی جس پر اتوار کے روز شیڈول کے مطابق ضمنی انتخاب کا انعقاد کیا گیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے محسن لغاری نے این اے 193 راجن پور کے ضمنی انتخابات میں میدان مار لیا ، 2018 کے عام انتخابات سے بھی  زیادہ ووٹ حاصل کرکے اپنی جماعت کی کامیابی کو برقرار رکھا ، ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ووٹنگ کے دوران انتظامیہ کی جانب سے جانبداری کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔

اتوار کے روز ہونے  والے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے محسن لغاری 90 ہزار 392 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ ان کے قریب ترین حریف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عمار لغاری نے 55 ہزار 218 ووٹ حاصل کیے۔ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) تیسرے نمبر پر رہی اور اس کے امیدوار اختر حسن نے 20,074 ووٹ حاصل کیے۔

یہ بھی پڑھیے

عمران خان قاتلانہ حملے کی جے آئی ٹی میں ردوبدل ، تحریک انصاف چیلنج کررہی ہے

مفتاح اسماعیل ، شاہد خاقان اور کیپٹن صفدر کے بعد سینیٹر صابر شاہ بھی لیگی قیادت سے نالاں

یہ نشست پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این اے سردار محمد جعفر خان لغاری کی دسمبر 2022 میں وفات کے باعث خالی ہوئی تھی جس پر شیڈول کے مطابق گذشتہ روز ضمنی انتخاب کا انعقاد کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کے محسن لغاری کی کامیابی پر چیئرمین تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "عوام نے پچھلے دس ماہ میں ہونے والے تمام ضمنی انتخابات میں یہ ثابت کیا ہے کہ ووٹ کی طاقت صرف اور صرف اب عمران خان کے ساتھ ہے اور آج #جام_پور_ضمنی_الیکشن میں ایک بار پھر #عوام_کی_جیت ہوئی ہے۔”

حلقے میں ووٹنگ مقررہ وقت صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔ پولنگ پُرامن رہی، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔ ٹرن آؤٹ 47.15 فیصد رہا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوز میں، ووٹروں کی ایک بڑی تعداد کو پولنگ اسٹیشنوں کے اندر جمع دیکھا جا سکتا ہے۔

این اے 193 راجن پور کے ضمنی انتخاب میں کل 11 امیدواروں نے حصہ لیا تاہم اصل مقابلہ پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے امیدوار عمار اویس لغاری اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے محسن لغاری کے درمیان تھا۔

حلقے میں 237 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں سے 68 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے 2650 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ رینجرز اور فوج کے جوان بھی علاقے میں گشت پر معمور رہے۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے حلقہ این اے 193 راجن پور میں ضمنی انتخابات کے انعقاد میں ضلعی انتظامیہ پر عدم تعاون کا الزام عائد کیا تھا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے این اے 193 راجن پور کے ضمنی انتخاب میں ضلعی انتظامیہ کے عدم تعاون کے خلاف شکایت درج کرنے کے لیے چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھ دیا ہے۔

این اے 193 راجن پور 2018 کے انتخاب کے نتائج

2018 کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردار محمد جعفر خان لغاری نے 81 ہزار 149 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ ان کے قریب ترین حریف اور آزاد امیدوار سردار شیر علی خان گورچانی نے 55 ہزار 409 ووٹ حاصل کیئے تھے۔

تیسرے نمبر پر پاکستان پیپلز پارٹی کی شازیہ عابد رہی تھیں انہوں نے 27 ہزار 710 ووٹ حاصل کیے تھے۔

متعلقہ تحاریر