مریم نواز نے انتخابات کرانے کی شرائط پیش کردیں، میاں صاحب کی واپسی کی تاریخ نہیں دی
مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر کا کہنا ہے جیسے چاند کو گرہن لگ جاتا ہے کہ ویسے اس ملک کو پاناما بینچ لگ گیا ، نواز شریف کو دیئے گئے سیسیلین مافیا جیسے القابات واپس ہوں گے تو پھر انتخابات ہوں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ پہلے بےگناہ نواز شریف کو ملنے والی غلط سزائیں ختم ہوں گی تو انتخابات ہوں گے ، نواز شریف کو سیسیلین مافیا کے القابات سے نوازہ گیا پہلے وہ القابات واپس ہوں گے تو پھر انتخابات ہوں گے۔ تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ سارے کام تو اس وقت ہوں گے جب نواز شریف وطن واپس آئیں گے۔
گذشتہ روز ساہیوال میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت ملے گی ، ووٹ کو انصاف ملے گا تو پھر انتخابات ہوں گے ، انتخابات ہوں گے مگر پہلے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا ، انتخابات ضرور ہوں گے مگر پہلے ترازو کے دونوں پلڑے برابر کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیے
راجن پور کے ضمنی الیکشن میں زرتاج گل وزیر ہیروئن بن کر سامنے آگئیں
شاہد خاقان عباسی نے عمران خان کو لیڈر اور سیاسی حقیقت قرار دیدیا
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ انتخابات ہوں گے ضرور ہوں گے مگر پہلے نواز شریف کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ ہوگا ، پھر فتنہ خان گھڑی چور جس کا سر سے پیر تک ہر بال چوری اور ڈکیتی میں ڈوبا ہوا ہے پہلے اسے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے پھر انتخابات ہوں گے۔
سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو سیسیلین مافیا کہا گیا ، گارڈ فادر کہا ، پاناما بینچ نے نواز شریف کو جن جن القابات سے نوازہ پہلے وہ القابات واپس لینا پڑیں گے ، پھر انتخابات ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) میدان میں اتر گئی ہے ، مسلم لیگ (ن) انتخابات سے نہیں ڈرتی ، آج انصاف کردو کل اس ملک میں انتخابات کرا دو ہمیں کوئی خطرہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب زمین کے ناخدا ناانصافی کرنے لگ جائیں تو آسمان کا نظام انصاف حرکت میں آتا ہے ، آج پوچھو کہاں ہے جنرل فیض ، آج پوچھو کہا ہے جسٹس کھوسہ ، آج پوچھو کہاں ہے جسٹس ثاقب نثار عرف ڈیم والا بابا ، آج اللہ کے فضل سے خاک چھان رہے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب سے نواز شریف کو اس ملک سے نکالا ہے یہ ملک سنبھلنے میں نہیں آرہا ، نواز شریف نے ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کیا ، جیسے چاند کو گرہن لگتا ہے اس طرح سے پاکستان کو پاناما بینچ لگ گیا۔ پاناما بینچ والوں نواز شریف سے بدلہ لینا تھا لے لیتے ، غریب کا چولہا کیوں بجھا دیا۔ نواز شریف کے بعد سے نہ مہنگائی سنبھل رہی ہے اور نہ ہی معیشت سنبھل رہی ہے۔ پاناما بینچ بنانے والے جنرل فیض حمید جواب دو۔
مریم نواز کے مطالبات پر تبصرہ کرتے ہوئے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مریم صاحبہ آپ کے سارے ہوسکتا ہے کہ جائز ہوں ، مگر جس شخصیت کے اوپر سے آپ سارے الزامات ہٹانے کو مطالبہ کررہی ہیں پہلے انہیں پاکستان تو لے آؤ۔ لاہور ہائی کورٹ نے انہیں اشتہاری قرار دیا ہوا ہے ، وہ علاج کی غرض سے نومبر 2019 میں باہر گئے اور ابھی تک وہیں تشریف فرما ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اشتہاری کا ٹیگ ختم کرنے کے لیے پہلا اقدام تو یہ ہونا چاہیے کہ وہ پاکستان واپس آئیں ، مریم صاحبہ مطالبات پیش کررہی ہیں مگر یہ نہیں بتا رہیں کہ نواز شریف واپس کب آئیں گے۔









